رسائی کے لنکس

انتخابات میں مبینہ دھاندلی؛ پی ٹی آئی کا ہفتے کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان


پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ہفتے کو ملک بھر میں پُرامن احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

اس بات کا اعلان پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے اڈیالہ جیل میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان کے ساتھ وفاق اور خیبرپختونخوا میں حکومت سازی پر بات ہوئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ عمران خان نے پنجاب میں میاں اسلم اقبال کو وزارتِ اعلیٰ کا اُمیدوار نامزد کیا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے تصدیق کی کہ عمر ایوب وزارتِ عظمیٰ جب کہ سالار کاکڑ بلوچستان کے وزیرِ اعلٰی کے اُمیدوار ہوں گے۔ خیبرپختونخوا میں اسپیکر کے لیے عاقب اللہ پی ٹی آئی کے اُمیدوار ہوں گے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پاور شیئرنگ کے لیے پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم سے کوئی بات نہیں ہو گی۔

رہنما تحریکِ انصاف کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے ساتھ کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہے اور نہ ہی کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکن ہفتے کو دوپہر 12 بجے ملک کے مختلف شہروں میں پاکستان کے جھنڈوں کے ساتھ احتجاج کریں گے۔

اس موقع پر رہنما تحریکِ انصاف شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ جمعے کو اسلام آباد میں بین الاقوامی اور مقامی میڈیا کو فارم 45 سے متعلق بریفنگ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے حلقوں کے فارم 45 کے نتائج میڈیا کے سامنے رکھے جائیں گے۔

فورم

XS
SM
MD
LG