رسائی کے لنکس

پنجاب حکومت نے پیر سے 26 صنعتیں کھولنے کی اجازت دے دی


پنجاب حکومت نے ٹیکسٹائل کی صںعت کو بھی کھول دیا ہے جس سے لاکھوں کارکنوں کا روزگار وابستہ ہے
پنجاب حکومت نے ٹیکسٹائل کی صںعت کو بھی کھول دیا ہے جس سے لاکھوں کارکنوں کا روزگار وابستہ ہے

پنجاب کی حکومت نے لاک ڈاون میں مزید نرمی کرتے ہوئے صنعتیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ صنعت و تجارت کے مطابق پیر 18 مئی سے صوبہ میں قواعد و ضوابط کے مطابق صنعتوں کو کھول دیا جائے گا۔

محکمہ صنعت و تجارت پنجاب نے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا نوٹی فیکیشن جاری کر دیا ہے۔ جس کے تحت صوبے بھر کی 26 صنعتوں کو پیر سے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

نوٹی فیکیشن کے مطابق تمام صنعتوں میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے بنائے گئے قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔

پنجاب کے وزیر تجارت میاں اسلم اقبال کے مطابق وزیر اعلیٰ کی منظوری سے صنعتیں کھولنے کا نوٹی فیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ کھولی جانے والی تمام صنعتوں کے لیے ضابطہ کار بھی جاری کر دیے ہیں جن پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔

“معاشی صورت حال کے تناظر میں وزیراعلیٰ نے اہم فیصلے کیے ہیں اور دفاع سے متعلقہ اشیا تیار کرنے والی انڈسٹری کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے”۔

محکمہ صنعت و تجارت کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق پنجاب بھر میں فوڈ انڈسٹریز، رائس ملز، فلور ملز، پولٹری فیڈ ملز، پاورلومز اور لائیو اسٹاک سے متعلقہ صنعتیں 18 مئی سے کھل جائیں گی۔

اس کے ساتھ ساتھ سینیٹائرز، صابن، ٹشو پیپرز تیار کرنے والے کارخانے، حفاظتی لباس، ماسک، گلوز تیار کرنے والی انڈسٹریز، اسٹوریج، پرنٹنگ، پیکنگ، سائیکل، موٹر سائیکل، کار کی انڈسٹری، دودھ اور دودھ سے بننے والی اشیا کو بھی کھول دیا گیا ہے۔

نوٹی فیکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس پرڈوکشن کمپنیوں، پاک عرب ریفائنری کمپنی، کھاد بنانے والے فیکٹریوں، ملحقہ پرڈوکشن، ٹرانسپورٹیشن، اسٹوریج، ٹریکٹر، تھریشر، ہارویسٹر بنانے والی کمپنیوں، بیج، کھاد، زرعی ادویات، جانوروں کے چارے کی دکانوں کو بھی کام کرنے کی اجازت ہو گی۔

جاری کردہ مراسلے کے مطابق ایل پی جی سینٹر، سوڈا ایش انڈسٹری، موبائل فون بنانے والی کمپنیوں، اینٹوں کے بھٹے، ریت بجری، سیمنٹ اور چھتیں تیار کرنے والے کارخانے بھی پیر 18 مئی سے کھل جائیں گے۔

محکمہ صنعت و تجارت نے واضح کیا ہے کہ کھولے جانے والی تمام صنعتوں میں کرونا سے بچاؤ کے لیے قواعد و ضوابط کو یقینی بنایا جائے گا اور ان کو وقتاً فوقتاً چیک بھی کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG