رسائی کے لنکس

روس کبھی امریکہ کے دباؤ میں نہیں آئے گا: پیوٹن


روسی صدر کا کہنا تھا کہ تاریخ میں کوئی بھی روس کو شکست دینے کے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے اور آئندہ بھی ایسا نہیں ہوگا۔

روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ امریکہ ان کے ملک کو "دبانا" چاہتا ہے لیکن وہ اپنی ان کوششوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔

منگل کو ماسکو میں اپنی تنظیم 'پیپلز فرنٹ' کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ امریکہ ان کے ملک کو "رسوا کرنا نہیں بلکہ ہرانا چاہتا ہے اور روس کی قیمت پر اپنے مسائل حل کرنے کا خواہش مند ہے۔"

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں کوئی بھی روس کے خلاف اپنے اس طرح کے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے اور آئندہ بھی ایسی کوششیں کرنے والے منہ کی کھائیں گے۔

امریکہ کے خلاف روسی صدر کے یہ سخت الفاظ دونوں ملکوں کے درمیان موجود کشیدگی کے عکاس ہیں جس میں یوکرین کے بحران کے باعث بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے آسٹریلیا میں ہونے والے دنیا کی 20 بڑی اقتصادی طاقتوں 'جی-20' کے سربراہی اجلاس کے دوران امریکی صدر براک اوباما اور دیگر مغربی رہنماؤں کی تنقید سے ناراض ہو کر روسی صدر اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔

منگل کو ماسکو میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران صدر پیوٹن نے روسی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ مقامی منڈیوں میں اپنے مصنوعات کی فروخت میں اضافہ کریں تاکہ مغرب کی جانب سے عائد پابندیوں کا توڑ کیا جاسکے۔

انہوں نے یوکرین بحران کے باعث روس پر عائد کی جانے والی اقتصادی پابندیوں کا مقابلہ کرنے اور روسی معیشت کی صورتِ حال بہتر بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

'آل رشیا پیپلز فرنٹ' نامی اس تحریک کی بنیاد ولادی میر پیوٹن نے 2011ء میں اس وقت رکھی تھی جب وہ روس کے وزیرِاعظم تھے۔

تحریک کا مقصد روس کی حکمران جماعت 'یونائیٹڈ رشیا' پارٹی کو کو "نئے خیالات، نئی تجاویز اور نئی قیادت" فراہم کرنا ہے۔ روس کی حکمران جماعت کے علاوہ درجنوں غیرسرکاری انجمنیں اور تنظیمیں اس تحریک کا حصہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG