رسائی کے لنکس

ٹرمپ پیوٹن ملاقات جمعے کو ہوگی: کریملن


صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اور اقتدار سنبھالنے کے بعد بارہا روس کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے اور مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

روسی حکومت نے کہا ہے کہ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن اور ان کے امریکی ہم منصب ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات جمعے کو جرمنی کے شہر 'ہیم برگ' میں ہوگی۔

روسی خبر رساں اداروں کے مطابق روسی صدر کے مشیر برائے خارجہ امور یوری اوشا کوف نے بتایا ہے کہ دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت نے سربراہان کی ملاقات کے لیے سات جولائی کی تاریخ پر اتفاق کیا ہے۔

رواں سال جنوری میں امریکی صدر کا منصب سنبھالنے والے ڈونالڈ ٹرمپ کی صدر پیوٹن سے یہ پہلی ملاقات ہوگی۔

دونوں رہنما دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کی نمائندہ تنظیم 'جی-20' کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے رواں ہفتے جرمنی پہنچیں گے۔

روس کی جانب سے یوکرین میں جاری خانہ جنگی کا فائدہ اٹھا کر یوکرینی علاقے کرائمیا پر 2014ء میں قبضے کے بعد سے امریکہ اور روس کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔

صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اور اقتدار سنبھالنے کے بعد بارہا روس کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے اور مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

لیکن امریکی انتخابات میں روس کی مبینہ مداخلت اور صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے اعلیٰ عہدیداران کے روسی حکام کے ساتھ مبینہ تعلقات کے الزامات سامنے آنے کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری کی گنجائش بظاہر کم ہوگئی ہے۔

وہائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ 'جی-20' سربراہی اجلاس کے موقع پر میزبان جرمن چانسلر آنگیلا مرخیل سمیت کئی سربراہانِ مملکت سے ملاقاتیں کریں گے۔

XS
SM
MD
LG