رسائی کے لنکس

پاکستان عوامی تحریک نے عدالتی حکم پر دھرنا ختم کر دیا


طاہرالقادری نے کہا کہ احتجاج کی یہ تحریک ختم نہیں ہوگی۔ عیدالاضحیٰ کے بعد فیصل آباد میں بڑی ریلی ہوگی، ملتان اور راول پنڈی میں بھی احتجاج کریں گے۔

کنور رحمان خان

سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹرطاہرالقادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف لینے کے لیے پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاهور میں استنبول چوک پر خواتین ورکروں کے ساتھ دھرنا دیا۔

دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ نے ثابت کردیا کہ سانحہ ماڈل کے متاثرین تنہا نہیں، لواحقین نے فرعون کی طاقت، قارون کی دولت ٹھکرائی، وہ وقت دور نہیں،جب ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف ملے گا۔

طاہرالقادری نے کہا کہ احتجاج کی یہ تحریک ختم نہیں ہوگی۔ عیدالاضحیٰ کے بعد فیصل آباد میں بڑی ریلی ہوگی، ملتان اور راول پنڈی میں بھی احتجاج کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چاہیں توانصاف چھین سکتےہیں مگرقانون ہاتھ میں نہیں لیں گے۔ انصاف کا مطالبہ لے کر قریہ قریہ نگر نگر جائیں گے۔

لاہور میں طاہرالقادری دھرنے میں تقریر کر رہے ہین
لاہور میں طاہرالقادری دھرنے میں تقریر کر رہے ہین

عوامی تحریک کے سربراہ نے اپنے خطاب میں مسلم لیگ ن کی قیادت پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ سیاست میں کرپشن نواز شریف نے ہی متعارف کروائی ہے وہ چھانگا مانگا میں ارکان اسمبلی کی خریدو فروخت کرتے تھے اور اب وہ آئین سے امانت اور دیانت کی شقیں ختم کرنا چاہتے ہیں۔

طاہر القادری نے کہا کہ35 سال سے ملک میں ن لیگ کی حکومت برسر اقتدار ہیں۔ ، آپ کا انقلاب تخت رائیونڈ بچاؤ انقلاب ہے'۔

طاہرالقادری نے دھرنے کے دوران ایک مرتبہ پھر حکومت سے مطالبہ کیا کہ جسٹس باقر نجفی رپورٹ عام کی جائے۔

لاہور دھرنے میں شامل خواتین
لاہور دھرنے میں شامل خواتین

عوامی تحریک کے دھرنے میں خواتین دوپہر 12 بجے سے آنا شروع ہو گئیں تھیں جبکہ دھرنے کو روکنے کے لیے مال روڈ تاجر برادری کے صدر نعیم میر نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا تھا۔ جس پر عدالت نے عوامی تحریک کو دھرنے کا مقام تبدیل کرنے اور اسے رات دس بجے تک ختم کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG