رسائی کے لنکس

بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی، 9 مبینہ دہشت گرد ہلاک


فائل
فائل

صوبائی دارالحکومت کے نواحی علاقے، قابو کوہ مہران میں نامعلوم شر پسندوں کے خلاف کارروائی میں نو مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

انسداد دہشت گردی فورس کے ایک ترجمان نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ’’سیکورٹی فورسز کوہ قابو مہران میں معمول کے گشت پر تھیں۔ اسی اثنا میں علاقے میں چھپے ہوئے مسلح دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں پر فائرنگ شروع کر دی، جس سے فورسز کے چار جوان زخمی ہوگئے‘‘۔

جوابی کارروائی میں فورسز نے نو مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

ترجمان نے یہ نہیں بتایا آیا ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کس تنظیم یا گروپ سے تھا۔

کوہ قابو مہران میں ماضی قریب میں بعض کالعدم مذہبی شدت پسند اور بلوچ عسکری تنظیموں کے کیمپ ہوا کرتے تھے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن کوئٹہ شہر میں رواں ماہ کے دوران پولیس اور ہزارہ برادری کے لوگوں پر حملوں کے بعد کیا گیا ہے۔

صوبے میں رواں سال کے آغاز سے سیکورٹی فورسز پر حملوں میں دو درجن سے زائد اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں، جبکہ رواں ماہ کے دوران گوادر میں ایک وی آئی پی ہوٹل پر حملے میں ایک اہلکار سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ جوابی کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے چار حملہ آوروں کو بھی ہلاک کر دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG