رسائی کے لنکس

سعودی عرب: پہلا روزہ 10 جولائی کو


عدالت نے عوام سے بھی اپیل کی تھی کہ وہ پیر8 جولائی 29 شعبان کو اپنے طور چاند دیکھنے کی کوشش کریں۔ تاہم، چاند نظر آنے کی کوئی شہادت نہیں ملی

سعودی عر ب ،اردن ، مصر اور متحدہ عرب امارات سمیت متعدد خلیجی ریاستوں میں ماہ رمضان کا چاند نظر نہیں آ یا لہذا پہلا روزہ بدھ 10جولائی کو ہوگا۔

چاند نظر نہ آنے کا فیصلہ پیر کی رات سعودی عدالت عظمیٰ نے کیا۔بعد ازاں اردن، متحدہ عرب امارات اور مصر میں چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا گیا۔
سعودی عرب کی رویت ہلال کمیٹی جدید ترین آلات کی مدد سے چاند نظر آنے یا نہ آنے کا فیصلہ کرتی ہے۔ تاہم، عدالت نے عوام سے بھی اپیل کی تھی کہ وہ پیر8 جولائی، 29 شعبان کو اپنے طور پر چاند دیکھنے کی کوشش ضرور کریں اور نظر آنے کی صورت میں فوری طور پر عدالت کو مطلع کریں، تاکہ ان کی شہادت ریکارڈ کی جا سکے۔

پیر کو جاری کردہ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی کوئی شہادت نہیں ملی۔

دوران رمضان عمرہ زائرین کے لئے انتظامات

سعودی عرب میں رمضان کے دوران دنیا بھر سے یہاں آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد غیر معمولی طور پر بڑھ جاتی ہے۔ اس سال بھی دوران رمضان 40لاکھ افراد کی آمد متوقع ہے۔ اس حوالے سے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں۔

مسجد الحرام کی انتظامیہ کے نائب صدر محمد بن ناصر الحزیم کے مطابق رمضان کے دوران عمرے کی ادائگی کے لئے آنے والے زائرین کو ہر طرح کی سہولت اور سیکورٹی و دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ مسجد کی صفائی ستھرائی کے لئے ساڑھے آٹھ ہزار سے زائد افراد تعینات کئے گئے ہیں۔ تمام ملازمین تین شفٹوں میں 800جدید مشینوں کے ذریعے اپنے اپنے فرائض انجام دیں گے۔

کچرا اکٹھا کرنے کے لئے مختلف جگہوں پر 200 کنٹینر رکھے گئے ہیں۔ ٹرکوں پر نصب 200 اسپرے مشینوں کے ذریعے رہائشی علاقوں میں مچھر اور کیڑے مار اسپرے شروع کر دیا گیا ہے۔

پاکستان حج و عمرہ سروس کے مطابق معذور اور معمر افراد کے طواف کے لئے کعبہ کے گرد سطح زمین سے بلند 12میٹر چوڑا عارضی راستہ تعمیر کیا جار ہا ہے، جہاں انہیں الیکٹرک وہیل چیئرز دستیاب ہوں گی۔

فوری طبی امداد دینے کے لئے مسجد کے احاطے میں ہی پانچ ڈسپنسریاں قائم کی گئی ہیں جو 24گھنٹے کام کریں گی۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے یا کسی شخص کے اچانک بیمار ہوجانے کی صورت میں اسے مختلف اسپتالوں میں منتقلی کی غرض سے جدید آلات سے لیس تین ایمبولینس اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے مکہ کے مقامی اسپتالوں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس نے ٹریفک جام سے بچنے کے لئے جامع پلان وضع کیا ہے۔ ٹریفک جام سے بچنے کے لئے مسجد الحرام کی طرف جانے والی تمام سڑکوں اور55ٹنلز کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔

نمازوں کے اوقات کے دوران حرم شریف کو جانے والے تمام راستے ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے ایک گھنٹے تک بند رکھے جائیں گے، تا کہ پیدل چلنے والے افراد بآسانی وہاں تک پہنچ سکیں۔ تاہم، 27اور28رمضان کو یہ راستے دو گھنٹے کے لئے بند رہیں گے۔

مکہ کے داخلی راستوں پر پارکنگ کے لئے چھہ نئی جگہیں مختص کردی گئی ہیں، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں سے زائرین کو حرم پہنچانے کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ 24 گھنٹے چلائی جائے گی۔

پاکستان حج و عمرہ سروس کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق، متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے عمرہ زائرین کے طبی معائنے اور علاج کے لئے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور زمینی راستوں پر وزارت صحت کا عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ تمام، ائیر پورٹوں پر ڈاکٹروں اور دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف پر مشتمل ٹیمیں اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
XS
SM
MD
LG