رسائی کے لنکس

کامیاب کامیڈی پلے:’ ڈھول بجنے لگا‘ اور ’تیری میری کہانی‘


دلچسپ نوک جھونک اور مزاح سے بھرپور اس ڈرامے کی کہانی دو کزنز کے گرد گھومتی ہے جو ایک دوسرے سے بہت محبت کرتے ہیں۔ بچپن کے ایک المناک حادثے میں وہ دونوں باپ کی شفقت سے محروم ہو گئے تھے اور تبھی..۔

پاکستان کے نجی ٹی وی چینلز نے جہاں رمضان کے حوالے سے خصوصی سحر اور افطار ٹرانسمیشنز کا اہتمام کیا ہے وہیں کچھ چینلز نے لائٹ کامیڈی سے سجے خصوصی پروگرامز بھی ترتیب دیئے ہیں ۔ ان میں ’ڈھول بجنے لگا‘ اور ’تیری میری کہانی‘ بھی شامل ہیں ۔

ڈھول بجنے لگا
دلچسپ نوک جھونک اور مزاح سے بھرپور اس ڈرامے کی کہانی دو کزنز کے گرد گھومتی ہے جو ایک دوسرے سے بہت محبت کرتے ہیں۔ بچپن کے ایک المناک حادثے میں وہ دونوں باپ کی شفقت سے محروم ہوگئے تھے اور تبھی سے دونوں کی پرورش کی ذمہ داری ان کی ماؤں کے کندھوں پرتھی ۔

۔۔۔لیکن ان دونوں کی مائیں مختلف نظریات اور خیالات رکھتی ہیں۔ان دونوں کی آپس میں بھی نہیں بنتی۔پھر دونوں اس کوشش میں بھی ہیں کہ ان کے بچوں کی شادی ان کی مرضی سے ہو۔ اس ذاتی چپقلش سے تنگ آکر بچے اپنی شادی سے پہلے اپنی ماؤں کی شادیاں کرانے کا پلان بناتے ہیں۔

ادھر دونوں مائیں اس کوشش میں ہیں کہ کسی طرح ان کے بچے ایک دوسرے سے دور ہوجائیں۔ اس کشمش میں کیا گل کھلتے ہیں یہی اس ڈرامے کا موضوع ہے۔

’ڈھول بجنے لگا‘ ہم ٹی وی کی پیشکش ہے جسے تحریر کیا ہے ناصر فراز نے جبکہ ہدایات دی ہیں فہیم برنی نے۔ کاسٹ میں شامل ہیں سوہائی علی ابڑو، جاوید شیخ‘ ریشم‘ اظفر رحمن‘ اسما عباس اور فرح شاہ۔

تیری میری کہانی
ایک اور نجی ٹی وی چینل’ہم ستارے‘ سے نشر ہونے والا یہ خصوصی کھیل حقیقی زندگی کے مشہور جوڑے اور ٹی آرٹسٹ مانی اور حرا کی رمضان مصروفیات اور ان کے بچوں مزمل اور ابراہیم کے گرد گھومتا ہے۔

اس کھیل کے ذریعے ناظرین کو ان دونوں فنکاروں کو قریب سے جاننے کا موقع ملے گا۔ مانی کا حس مزاح اور حرا کے ساتھ نوک جھونک اس کھیل کو اور بھی پرکشش بناتی ہے۔

کوکونٹ پروڈکشن کے لئے ہدایات دی ہیں عمر عیسیٰ نے جبکہ چاروں فنکاروں نے اصل نام سے ڈرامے میں اپنے اپنے کردار نبھائے ہیں۔

XS
SM
MD
LG