رسائی کے لنکس

شیخ رشید قاتلانہ حملے میں زخمی ، چار افراد ہلاک


شیخ رشید قاتلانہ حملے میں زخمی ، چار افراد ہلاک
شیخ رشید قاتلانہ حملے میں زخمی ، چار افراد ہلاک

سابق وفاقی وزیراور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد راولپنڈی میں پیر کی شام ایک قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے ہیں۔ شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انتخابی مہم کے دوران نامعلوم حملہ آوروں نے خیابان سرسید کے علاقے میں شیخ رشید پر اُس وقت فائرنگ کر دی جب وہ گاڑی میں سوار ہو رہے تھے۔

راشد شفیق کے مطابق حملے میں کم از کم چاردوسرے افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ شیخ رشید کو فوری طور پر زخمی حالت میں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر اُن کا تفصیلی معائنہ کر رہے ہیں۔ سول ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ سابق وفاقی وزیر گولی لگنے سے زخمی نہیں ہوئے بلکہ حملے کے دوران گاڑی سے گرنے کے باعث اُن کے گھٹنے میں چوٹ آئی۔

شیخ رشید پراس حملے کے بعد اُن کے حامیوں نے شہر میں احتجاجی مظاہر ے کیے اور بعض علاقوں میں ٹائر جلا کر سٹرکوں پر ٹریفک بھی معطل کر دی۔ پنجاب کے وزیر قانون راناثناء اللہ نے صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹ پر ہی اُن کی حکومت اس حلقے میں انتخابات نہ کروانے کے حق میں تھی۔

راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 55 میں رواں ماہ کی 24 تاریخ کوہونے والے ضمنی انتخابات میں شیخ رشیدایک اہم اُمیدوار ہیں ا ور اُن کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے شکیل اعوان کے علاوہ کئی دیگر اُمیدوار بھی میدان میں ہیں۔ خیال رہے کہ اس حلقے سے مسلم لیگ کے ایک اُمیدوار حاجی پرویز کے استعفی کے بعد شیخ رشید نے اس علاقے میں انتخابات کروانے کے لیے عدالت سے بھی رجوع کیا لیکن لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کی اُس درخواست پر یہاں ضمنی انتخابات کا حکم نہیں دیا کہ امن وامان کی صورت حال ایسی نہیں ہے کہ انتخابات کروائے جاسکیں، تاہم شیخ رشید نے ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جس نے گذشتہ ماہ حکومت اور الیکشن کمیشن کو ہدایت دی این اے 55 میں انتخابات کروائے جائیں ۔ واضح رہے کہ بظاہر مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار اور مسلم لیگ عوامی کے سربراہ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع جار ہی ہے۔

راولپنڈی سابق وفاقی وزیر پر فائرنگ کا یہ واقع ایک ایسے وقت پیش آیا جب ایک روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستانی کشمیر کی ایک نشست پر ہونے والے انتخابات کے دوران ایک پولنگ سٹیشن پرفریقین کے درمیان ہونے والی فائرنگ میں ایک شخص ہلاک ہو گیا جس کا تعلق پیپلز پارٹی بتایا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG