رسائی کے لنکس

امریکہ میں سردی کی شدید لہر جاری، نظامِ زندگی مفلوج


نیویارک کے علاقے مین ہٹن کی ایک شاہراہ کا منظر
نیویارک کے علاقے مین ہٹن کی ایک شاہراہ کا منظر

حکام نے مشرقی ساحلی ریاستوں کے کم از کم 25 بڑے شہروں میں درجۂ حرارت منفی 15 سینٹی گریڈ تک گرنے کی پیش گوئی کی ہے۔

امریکہ کی مشرقی، شمالی اور مغربی ریاستوں میں سردی کی شدید لہر جاری ہے جب کہ حکام نے درجۂ حرارت مزید گرنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے لوگوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔

سردی کی حالیہ لہر خلیجِ میکسیکو میں جنم لینے والے سرمائی طوفان کا نتیجہ ہے جس نے دو روز قبل فلوریڈا کے ساحلی علاقوں کو نشانہ بنایا تھا۔

طوفان امریکہ کی مشرقی ساحلی ریاستوں کو نشانہ بناتے ہوئے شمال کی جانب بڑھ گیا ہے لیکن اس کے زیرِ اثر ہونے والی شدید برف باری اور تیز برفانی ہواؤں کا سلسلہ آئندہ کئی روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

طوفان کے باعث امریکہ کی تقریباً تمام مشرقی ریاستوں کے ساحلی علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ ہے۔ حکام نے مشرقی ساحلی ریاستوں کے کم از کم 25 بڑے شہروں میں درجۂ حرارت منفی 15 سینٹی گریڈ تک گرنے کی پیش گوئی کی ہے۔

طوفان کے باعث کئی مقامات پر چلنے والی برفانی ہواؤں کی رفتار 113 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی جب کہ کئی مقامات پر ایک فٹ سے زائد تک برف پڑی ہے۔

تیز ہواؤں کے باعث ریاست میساچوسٹس اور مین کے ساحلی قصبوں میں سمندر کا پانی داخل ہوگیا ہے جب کہ بوسٹن کے تاریخی ساحلی علاقے سے ایک میٹر تک بلند ساحلی لہریں ٹکرا رہی ہیں۔

شدید سردی اور برف باری سے ہونے والے حادثات میں اب تک 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔

متاثرہ علاقوں میں دفاتر اور اسکول بند ہیں جب کہ ہزاروں پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔ تیز ہواؤں کے باعث ہزاروں گھروں کو بجلی کی ترسیل بھی منقطع ہوگئی ہے اور حکام کا انتباہ نظر انداز کرکے سفر پر نکلنے والے ہزاروں افراد کو سڑکوں پر پھنسنے کے بعد امدادی اہلکاروں نے محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔

برف باری کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی ہے۔ درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گرنے کے باعث نیویارک میں دریائے ہڈسن اور کینیڈا کے ساحل کے نزدیک چلنے والی بعض فیری سروسز بھی بند کردی گئی ہیں۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ شدید برفانی ہواؤں کے باعث شمالی مشرقی ریاستوں میں درجۂ حرارت منفی 40 ڈگری تک محسوس کیا جاسکتا ہے جس کے باعث فوری فراسٹ بائٹ کا اندیشہ ہے۔

ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کی جنوبی ریاستوں – لوزیانا، مسی سپی، الاباما اور جارجیا – میں بھی جہاں معتدل سردی پڑتی ہے، درجۂ حرارت منفی 10 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے۔

ماہرینِ موسمیات کے مطابق اتوار کی صبح کینیڈا سے متصل ریاست مین سے واشنگٹن ڈی سی تک درجۂ حرارت ریکارڈ حد تک گرنے کا خدشہ ہے اور امکان ہے کہ کئی مقامات پر یہ منفی 17 سے 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوگا۔

امریکہ کی نیشنل ویدر سروس کے مطابق سرمائی طوفان کے اثرات آئندہ ہفتے کے وسط تک برقرار رہیں گے جس کے بعد سردی معمول پر آجائے گی۔

XS
SM
MD
LG