رسائی کے لنکس

دنیا بھر میں کرونا متاثرین اور طبی عملے پر تشدد میں اضافہ: ریڈ کراس


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد اور ان کا علاج کرنے والے طبی عملے کے ارکان کی ایک بڑی تعداد کو تشدد کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بدھ کو جاری ایک بیان میں ریڈ کراس کا کہنا تھا کہ فروری سے جولائی تک دنیا کے 40 ممالک میں 611 تشدد کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

رواں برس فروری میں کرونا وائرس کی وبا دنیا میں تیزی سے پھیلنا شروع ہوئی تھی۔

ریڈ کراس کے مطابق کرونا وائرس کے متاثرین اور طبی عملے پر تشدد کے زیادہ تر واقعات افغانستان، فلپائن اور کولمبیا میں پیش آئے ہیں۔

ریڈ کراس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ممکنہ طور پر تشدد کے واقعات رپورٹ ہونے والے واقعات کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ بھی ہو سکتے ہیں۔

ریڈ کراس کے 'ہیلتھ کیئر ان ڈینجر انیشی ایٹیو' کے سربراہ مچی پلکاؤسکی کا کہنا ہے کہ کرونا بحران کے دوران طبی عملے کے لیے اس وقت خطرات میں مزید اضافہ ہوا جس وقت اُن کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔

ان کے بقول کرونا وائرس سے متاثر ہونے والوں اور ان کا علاج کرنے والے طبی عملے کے افراد کو تضحیک آمیز رویے، دھمکیوں، حملوں اور انتہائی امتیازی سلوک کا سامنا رہا۔

مچی پلکاؤسکی کا کہنا تھا کہ ان حملوں سے دباؤ کے شکار صحتِ عامہ کے نظام پر تباہ کن اثرات مرتب ہوئے۔

کرونا وائرس کا خوف، نفسیاتی علاج کی ضرورت
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:34 0:00

ریڈ کراس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے ان لوگوں نے کیے جو اس خوف کا شکار تھے کہ وہ بھی وبا کا شکار ہو جائیں گے۔ یا جو اپنے خاندان یا کسی عزیز کی موت کی وجہ سے غم کا شکار تھے اور انہیں مرنے والوں کی آخری رسومات مناسب انداز سے کرنے کی اجازت نہیں ملی تھی۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس گزشتہ برس دسمبر میں چین کے شہر ووہان میں سامنے آیا تھا۔ جس کے بعد حکام نے ووہان میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا تھا۔ بعدازاں چین سے یہ وبا دیگر ممالک تک پھیل گئی اور دنیا کے بیشتر ملکوں نے لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں نافذ کیں۔

کئی ملکوں نے لاک ڈاؤن تو ختم کر دیا ہے تاہم بندشیں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کے احکامات نافذ ہیں۔

کرونا وائرس سے دنیا بھر میں دو کروڑ 24 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ جب کہ اموات کی تعداد 7 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

کرونا سے متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں امریکہ سرِ فہرست ہے جہاں اب تک ایک لاکھ 70 ہزار سے زیادہ مریض ہلاک اور 55 لاکھ سے زیادہ متاثر ہوئے۔

کرونا وائرس کے متاثرین ملکوں کی عالمی فہرست میں برازیل دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG