رسائی کے لنکس

logo-print

شاہ رخ خان کے کندھے میں فریکچر، گھٹنا زخمی


ابتدائی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ شاہ رخ کو معمولی چوٹ لگی ہے اور وہ شوٹنگ دوبارہ شروع کردیں گے لیکن ایسا ہوا نہیں۔

تئیس جنوری کے عام سے دن کی دوپہر اچانک اس وقت ہنگامہ خیز بن گئی جب میڈیا کے ذریعے یہ خبردنیا کے کونے کونے میں پھیلی کہ بالی وڈ میگا اسٹار شاہ رخ خان اپنی آنے والی فلم ”ہیپی نیو ایئر“ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے ہیں اور انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

کنگ خان کا زخمی ہونا صرف ان کے ڈائی ہارڈ فینز کے لئے ہی پریشانی کا باعث نہیں بنا بلکہ ہرایک کو شاہ رخ کی فکرستانے لگی۔ ابتدائی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ شاہ رخ کو معمولی چوٹ لگی ہے اور وہ شوٹنگ دوبارہ شروع کردیں گے لیکن ایسا ہوا نہیں۔

”بالی وڈ ہنگامہ نیوز نیٹ ورک“، ”این ڈی ٹی وی“، ” ہندوستان ٹائمز“ اور دیگر بھارتی ذرائع ابلاغ نے شاہ رخ کے قریبی ذرائع کے حوالے سے منگل کو بتایا ہے کہ شاہ رخ کے مزید ٹیسٹ ہوئے ہیں۔ ان کے کندھے میں فریکچر ہے اور گھٹنا بھی زخمی ہے۔ ڈاکٹرز نے انہیں دو سے تین ہفتے مکمل آرام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب ویب سائٹ ”ملائشین ڈائجسٹ“ نے ”ٹیمپٹیشن ری لوڈڈ “ کنسرٹ کے آرگنائزرز کے حوالے سے بتایا ہے کہ شاہ رخ خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ 15 فروری کو کنسرٹ میں شرکت کریں گے۔ اس پر بھارتی چینل ’آئی بی این‘ نے شاہ رخ کو ’ریٹرننگ ہیرو‘ قراردیا ہے۔

شاہ رخ خان کی قریبی دوست فرح خان کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم ”ہیپی نیوایئر“ اپنی ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی ہے۔ فلم کی شوٹنگ اس سے قبل شاہ رخ کی کمر میں تکلیف کی وجہ سے بھی ڈسٹرب ہوچکی ہے اور اب فریکچر کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔

”ہیپی نیوایئر“ میں شاہ رخ خان کی ہیروئن ہیں دپیکا پڈکون۔ جبکہ ابھیشیک بچن، بومن ایرانی اور سونو سود بھی فلم کی کاسٹ کا حصہ ہیں۔ ”ہیپی نیوایئر“ اکتوبرمیں ریلیز ہو گی۔
XS
SM
MD
LG