رسائی کے لنکس

عامر خان کا ’دنگل‘ آمدنی کے لحاظ سے ’نمبر ون‘


مہاویر سنگھ کو بیٹے کی خواہش تھی تاکہ وہ اسے نامور ریسلر بنا سکیں۔ لیکن بیٹیوں کی پیدائش کے بعد ان کے ٹیلنٹ کو دیکھتے ہوئے مہاویر نے رسم و رواج کے برعکس اپنی بیٹیوں کو ریسلر بنانے کا فیصلہ کیا

بالی وڈ کے ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘، عامرخان نے ایک بار پھر باکس آفس کی بازی بڑی دھوم دھام سے جیت لی۔ ان کی پچھلے دنوں ریلیز ہونے والی فلم ’دنگل‘ بالی وڈ کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن گئی ہے۔

’دنگل‘ کی شاندار کامیابی بین الاقوامی میڈیا کی دلچسپی سمیٹنے میں بھی کامیاب رہی۔ برطانوی اخبار، ’گارجین‘ نے خبر دی ہے کہ دنگل نے تین ہفتوں میں 41 ملین پونڈ سے زیادہ کا بزنس کیا۔

’بالی وڈ ہنگامہ‘ کے حوالے سے ’گارجین‘ کا کہنا تھا کہ اختتام ہفتہ دنگل پینتالیس اعشاریہ تین کروڑ روپے کما کر عامر خان کی ہی سال 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم’پی کے‘ کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔

نتیش تیواری کے ڈائریکشن میں بنی فلم ’دنگل‘ دو ریسلنگ چمپئین بہنوں گیتا پھوگٹ اور ببیتا پھوگٹ کی حقیقی زندگی کے واقعات پر بنائی گئی ہے۔ فلم میں عامر خان نے گیتا اور ببیتا کے والد مہاویر سنگھ پھوگٹ کا کردار ادا کیا ہے، جو دونوں بہنوں کے کوچ بھی تھے۔

مہاویر سنگھ کو بیٹے کی خواہش تھی تاکہ وہ اسے نامور ریسلر بنا سکیں۔ لیکن بیٹیوں کی پیدائش کے بعد ان کے ٹیلنٹ کو دیکھتے ہوئے مہاویر نے رسم و رواج کے برعکس اپنی بیٹیوں کو ریسلر بنانے کا فیصلہ کیا اور سخت محنت کے بعد ان کی دونوں بیٹیاں ریسلنگ کی دنیا میں اپنے نام کے جھنڈے گاڑنے میں کامیاب رہیں۔

اپنی ہر فلم کی طرح، عامر خان نے ’دنگل‘ کی صورت میں ایک اور ہٹ فلم اپنے نام کرنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ مہاویر سنگھ کے اولڈ کیریکٹر کے لئے 30 کلوگرام وزن بڑھایا جسے بعد میں نوجوان مہاویر کے لئے تیزی سے کم بھی کیا۔

دنگل میں لڑکیوں کے مضبوط کردار کی وجہ سے بھارتی حکومت کی ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ ‘مہم کے تحت چار ریاستوں میں فلم کے ٹکٹس کو ٹیکس فری قرار دیا گیا۔

دنگل میں پھوگٹ سسٹرز کے بچپن کا کردار زائرہ وسیم اور سہانی بھٹنا گرنے جبکہ نوجوانی کے کردار فاطمہ شیخ اور سانیہ ملہوترہ نے ادا کئے ہیں۔

گیتا پھوگٹ نے سال 2010 میں کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا تمغہ جیتا تھا اور 2010 میں اولمپکس کے لئے کوالیفائی کرنے والی پہلی بھارتی خاتون ریسلر بن گئیں۔

گیتا کی بہن ببیتا پھوگٹ نے2014 کے کامن ویلتھ گیمز میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی۔

XS
SM
MD
LG