رسائی کے لنکس

سینیئر قانون دان عبدالحفیظ پیرزادہ انتقال کر گئے


وہ سابق وزیر اعظم، ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بانیوں میں سے تھے۔

پاکستان کے ممتاز قانون دان عبدالحفیظ پیرزادہ لندن میں انتقال کر گئے ہیں۔

خاندانی ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور لندن کے ایک اسپتال میں داخل تھے۔

پچھلی دہائیوں کے دوران، وہ قومی نوعیت کے اہم مقدمات کی پیروری کرتے رہے۔

وہ 1935ء میں پیدا ہوئے۔ عبدالحفیظ پیرزادہ کا تعلق سندھ کے ایک مشہور سیاسی خاندان سے تھا۔ اُن کے والد، عبدالستار پیرزادہ پاکستان کی پہلی کابینہ میں وزیر کے علاوہ سندھ کے وزیر اعلیٰ بھی رہ چکے تھے۔

وہ سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بانیوں میں سے تھے۔ وہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین کے مشیر بھی رہ چکے تھے۔

وہ 1970ء کے انتخابات میں قومی اسمبلی کے رُکن منتخب ہوئے۔ اس دور کی سیاست میں اُنھیں ایک نمایاں مقام حاصل تھا۔

مرحوم اس کمیٹی میں بھی شامل تھے جس نے 1973ء کا آئین پاکستان تخلیق کیا تھا۔

عبدالحفیظ پیرزادہ، ذوالفقار بھٹو کے دور اقتدار میں تعلیم، خزانہ، صوبائی رابطے اور قانون و پارلیمانی امور کے وزیر بھی رہ چکے تھے۔

بعد ازاں انھوں نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی اور اپنا وقت وکالت کے لیے وقف کر دیا۔

رواں سال مئی 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے عدالتی کمیشن کے سامنے وہ حزب مخالف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے وکیل کے طور پر پیش ہوتے رہے۔

XS
SM
MD
LG