رسائی کے لنکس

ٹرمپ کے قومی سلامتی کےنامزد اہل کار کا روسی سفیر سے ٹیلی فون رابطہ: رپورٹس


فائل
فائل

میڈیا رپورٹ کے مطابق، ایک اعلیٰ امریکی اہل کار نے جمعے کے روز کہا کہ اوباما انتظامیہ اِن ٹیلی فون کالوں کے علاوہ فِلن اور روسی سفیر کے مابین دیگر کثرت سے کیے جانے والے رابطوں سے آگاہ ہے

بتایا جاتا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے نامزد مشیر، مائیکل فِلن کی 29 دسمبر کو روسی سفیر کے ساتھ کئی بار ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی، اُسی روز جس دِن صدر براک نے 35 روسی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کیے اور روس پر دیگر تعزیرات عائد کی گئیں، جس کا سبب روس کی جانب سے بظاہر گذشتہ سال کے صدارتی انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوششیں تھا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کی ایک رپورٹ کے مطابق، ایک اعلیٰ امریکی اہل کار نے جمعے کے روز کہا کہ اوباما انتظامیہ اِن ٹیلی فون کالوں کے علاوہ فِلن اور روسی سفیر کے مابین دیگر کثرت سے کیے جانے والے رابطوں سے آگاہ ہے۔
ٹرمپ کے ترجمان، شان اسپائسر نے جمعے کے روز اخباری نمائندوں کو بتایا کہ فِلن اور سفیر نے 28 دسمبر کو رابطہ کیا اور 20 جنوری کو ٹرمپ کی جانب سے عہدہ سنبھالنے کی تقریب کے بعد ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی ٹیلی فون پر گفتگو کے وقت کے تعین پر بات کی۔ اسپائسر نے مزید کہا کہ تعطیلات کے دوران، ٹیسکٹ میسیج (ایس ایم ایس) کے ذریعے اُنھوں نے کرسمس کی مبارکباد کا تبادلہ بھی کیا۔ اُنھوں نے فِلن اور روسی سفیر کی جانب سے 29 دسمبر کو گفتگو کی تصدیق نہیں کی۔
آنے والی انتظامیہ اور غیر ملکی حکومتوں کے درمیان گفتگو کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ لیکن، امریکہ کی جانب سے جوابی اقدامات کیے جانے ہی کے روز کئی بار کی گفتگو سے سوال جنم لیتے ہیں آیا فِلن اور سفیر نے ممکنہ روسی جواب کے بارے میں تو گفتگو نہیں کی۔

امریکہ سے درجنوں روسی اہل کاروں کی ملک بدری اور تعزیرات عائد کیے جانے کے ایک روز بعد، پیوٹن نے کہا کہ وہ بدلہ لینے کا نہیں سوچ رہے۔ ٹرمپ، جنھوں نے بارہا پیوٹن کو سراہا ہے، روسی صدر کے فیصلے کی تعریف کی۔

’واشنگٹن پوسٹ‘ کے کالم نویس، ڈیوڈ اگنیشئس نے جمعرات کو پہلی بار فِلن کی ٹیلی فون پر روسی سفیر کے ساتھ گفتگو کی بات تحریر کی، جنھوں نے کہا کہ یہ ٹیلی فون کالیں ’لوگن ایکٹ‘ کی خلاف ورزی کا باعث بن سکتی ہیں؛ جو کہ 200 سے زیادہ قدیم قانون ہےجو امریکی شہریوں پر واضح کرتا ہے کہ جب امریکہ کے ساتھ تنازع چل رہا ہو، کسی بیرونی حکومت کو متاثر کرنے کی کوشش سے احتراز کیا جانا چاہیئے۔

دریں اثنا، جمعے کے روز کئی ٹوئیٹس میں، ڈونالڈ ٹرمپ نے گذشتہ ہفتے کے عہد کو دہرایا کہ عہدہ سنبھالنے کے 90 روز کے اندر اندر گذشتہ سال صدارتی انتخابات کے دوران روس کی مبینہ ہیکنگ کے بارے میں رپورٹ جاری کردی جائے گی؛ اُنھوں نے اپنے بارے میں کسی قابل اعتراض مواد سے متعلق غیر مصدقہ رپورٹوں کے بارے میں الزامات لگائے؛ اور مدِ مقابل سابق صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن پر نکتہ چینی کی۔

XS
SM
MD
LG