رسائی کے لنکس

ری پبلکن امیدواروں کی اسلام، کیوبا اور موسمیاتی تبدیلی پر بحث


مارکو روبیو نے کہا کہ مسلم انتہاپسندی سے نمٹنے کا واحد طریقہ ان مسلمانوں سے اتحاد ہے جو انتہا پسند نہیں۔

ریپبلکن پارٹی کے چار امیدواروں نے جمعرات کو ہونے والے مباحثے میں مختلف موضوعات پر بحث کی جن میں انتہا پسندی، اسلام، خارجہ پالیسی اور تجارت شامل تھے۔

منگل کو اہم پرائمری اور کاؤکس انتخابات سے قبل یونیورسٹی آف میامی میں ہونے والا 12ہواں ریپبلکن مباحثہ اس سے قبل ہونے والے مباحثوں کی نسبت کافی شائستہ اور مہذب تھا۔

انتہا پسند مسلمانوں سے درپیش خطرات پر طویل بحث میں صدارتی دوڑ میں ریپبلکن پارٹی کی نامزدگی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’’بہت سے مسلمان‘‘ امریکہ سے نفرت کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں داعش سے جنگ کے لیے 30 ہزار امریکی فوجی بھیجنے پر غور کریں گے۔

انہوں نے گزشتہ ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’’اسلام ہم سے نفرت‘‘ کرتا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ تمام مسلمانوں کے بارے میں بات کر رہے تھے تو انہوں نے کہا کہ ’’میرا مطلب تھا کہ بہت سے (مسلمان)‘‘۔ انہوں نے کہا کہ وہ ’’سیاسی طور پر درست‘‘ رہنے کے لیے ایسے بیانات سے گریز نہیں کریں گے۔

ان کے حریف مارکو ریبو نے کہا کہ’’میں سیاسی طور پر درست ہونے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔ میں درست ہونے میں دلچسپی رکھتا ہوں۔‘‘ روبیو نے کہا کہ مسلم انتہاپسندی سے نمٹنے کا واحد طریقہ ان مسلمانوں سے اتحاد ہے جو انتہا پسند نہیں۔

ٹیکساس کے سینیٹر ٹیڈ کروز نے تجارت اور متشدد انتہا پسندی کے متعلق ٹرمپ کی تجاویز کو ’’سادہ لوحی پر مبنی‘‘ کہا۔ ’’اس کا جواب صرف یہ نہیں کہ آپ کہیں ’چین برا، مسلمان برے‘۔‘‘

کیوبا سے بہتر ہوتے ہوئے سفارتی تعلقات پر بھی ریپبلکن امیدواروں کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔ مارکو روبیو اور ٹیڈ کروز نے اس سلسلے میں صدر اوباما کے اقدامات پر تنقید کی۔

عوامی جائزوں میں پیچھے رہ جانے والے اوہائیو کے گورنر جان کیسک نے جملہ بازی میں حصہ نہیں لیا مگر موسمیاتی تبدیلی پر قانون سازی کے بارے میں اپنا واضح مؤقف بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں انسانی سرگرمیاں موسمیاتی تبدیلی میں کردار ادا کر رہی ہیں مگر کہا کہ ایسے ماحولیاتی قوانین بنانا ممکن ہے جن سے معیشت کو نقصان نہ پہنچے۔

تاہم مارکو روبیو نے کہا کہ کانگریس کی طرف سے منظور کیے گئے کسی بھی قانون سے موسم تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔

منگل کو فلوریڈا، اوہائیو، شمالی کیرولائنا، الینائے اور میسوری میں پرائمری اور کاؤکس انتخابات ہوں گے۔

اگر ڈونلڈ ٹرمپ ان میں کامیاب ہو گئے تو انہیں باقی امیدواروں پر ناقابل تسخیر برتری حاصل ہو جائے گی۔

XS
SM
MD
LG