رسائی کے لنکس

ٹیکس اصلاحات بِل کی منظوری پر ری پبلیکن قائدین کا جشن


امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور کانگریس میں اُن کے ری پبلیکن ساتھیوں نے ٹیکس اصلاحات کے بِل کی منظوری کا جشن منایا، جو ٹرمپ کے عہدہٴ صدارت کی پہلی اہم قانون سازی ہے۔

بدھ کے روز وائٹ ہاؤس کے لان میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، ٹرمپ نے کہا کہ ’’ہم امریکہ کو عظیم تر ملک بنا رہے ہیں‘‘۔ اُنھوں نے اُن قانون سازوں کا نام لیا جنھوں نے بِِل کی حمایت میں ووٹ دیا، جن میں سینیٹ میں اکثریتی پارٹی کے قائد مِچ مکونیل؛ ایوان نمائندگان کے اسپیکر پال رائن اور نائب صدر مائیک پینس شامل ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ ’’یہ تاریخ میں ٹیکس کی سب سے بڑی کٹوتی ہے۔۔۔ جو انتہائی باعثِ اہمیت معاملہ ہے‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ بِل کی منظوری کے لیے وہ اور ری پبلیکن قانون سازوں نے مل کر کام کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’جب آپ کامیاب ہوتے ہیں تو اِس سے بڑھ کر خوشی کیا ہو سکتی ہے؟‘‘۔

سینیٹ کےقائدِ ایوان، مِچ مکونیل نے مائکروفون سنبھالتے ہوئے کہا کہ ’’ٹرمپ انتظامیہ کے لیے یہ غیرمعمولی کامیابیوں کا سال تھا‘‘۔

ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر، پال رائن نے ٹرمپ کی ’’عمدہ صدارتی قیادت‘‘ کو سراہا۔

اور نائب صدر مائیک پینس نے ’’میری کرسمس، امریکہ‘‘ کہا۔

بِل کے حامیوں کا کہنا ہے کہ 2018ء کے اوائل میں امریکہ ٹیکس دہندگان عمل درآمد ہونے والا واضح فرق محسوس کریں گے۔

ٹیکس کٹوتی اور روزگار سے متعلق قانون سازی کو ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ سے ری پبیلکن پارٹی کی واضح اکثریت سے منظوری حاصل ہوئی، جب کہ حزب اختلاف، ڈیموکریٹ پارٹی اپنے مؤقف پر پختہ ڈٹی رہی۔ بدھ کے روز ایوان میں تکنیکی بنیادوں پر ہونے والی رائے شماری کے بعد، دستخط کے لیے قانون سازی کو وائٹ ہاؤس روانہ کیا گیا۔

بِل کی مدد سے کارپوریٹ ٹیکسز میں خاصی کمی، تنخواہ دار طبقے کی ٹیکس میں چھوٹ، بشمول ٹیکس مراعات؛ جب کہ اس کے نتیجے میں ایک دہائی کے دوران امریکی قومی قرضہ جات میں کم از کم ایک ٹرلین ڈالر کا اضافہ ہوگا۔

ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان نے قانون سازی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک اور بیرون ملک امریکیوں پر بوجھ بڑھے گا، جب کہ امیر طبقے کی جیبیں بھریں گی۔

XS
SM
MD
LG