رسائی کے لنکس

جارجیا: کانگریس کے الیکشن میں ری پبلکن امیدوار کامیاب


انتخاب میں کامیاب ہونے والی ری پبلکن امیدوار کیرن ہینڈل (بائیں) اور ان کے ڈیموکریٹ حریف جان اوسوف

انتخابی مہم پر حلقے کے دونوں امیدواروں نے پانچ کروڑ ڈالر خرچ کیے تھے جو امریکہ کی تاریخ میں کانگریس کی کسی نشست کے لیے چلنے والی سب سے مہنگی انتخابی مہم ہے۔

امریکہ کی ریاست جارجیا سے ایوانِ نمائندگان کی خالی نشست پر پیر کو ہونے والے انتخاب میں ری پبلکن امیدوار کیرن ہینڈل کامیاب ہوگئے ہیں۔

نتائج کے مطابق ری پبلکن امیدوار نے 53 فی صد ووٹوں سے کامیابی حاصل کی جب کہ ان کے مدِ مقابل ڈیموکریٹ امیدوار جان اوسوف کو 47 فی صد ووٹ ملے۔

مذکورہ حلقے میں ہونے والا انتخاب جیتنے کے لیے دونوں جماعتیں– ری پبلکنز اور ڈیموکریٹس – سر توڑکوشش کر رہی تھیں۔

انتخابی مہم پر حلقے کے دونوں امیدواروں نے پانچ کروڑ ڈالر خرچ کیے تھے جو امریکہ کی تاریخ میں کانگریس کی کسی نشست کے لیے چلنے والی سب سے مہنگی انتخابی مہم ہے۔

مذکورہ نشست پر گزشتہ سال نومبر میں ہونے والے انتخابات میں ری پبلکن جماعت کے ٹام پرائس کامیاب ہوئے تھے۔

ڈونالڈ ٹرمپ نےصدر بننے کے بعد پرائس کو صحت اور انسانی خدمات کی وزارت سونپ دی تھی جس کی وجہ سے انہیں کانرریس کی یہ نشست چھوڑنا پڑی تھی۔

ٹام پرائس نے نومبر کے انتخابات میں اس نشست پر اپنے ڈیموکریٹ حریف کے مقابلے پر 23 فی صد ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم حالیہ انتخابات میں دونوں جماعتوں کے درمیان ووٹوں کا یہ فرق صرف چھ فی صد رہ گیا ہے۔

گزشتہ سال کے صدارتی انتخابات میں اس حلقے سے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی ڈیموکریٹ حریف ہیلری کلنٹن کے مقابلے پر صرف ایک فی صد ووٹوں کی برتری سے بمشکل کامیابی حاصل کی تھی۔

حالیہ انتخاب کی مہم کے آخری چند روز کے دوران صدر ٹرمپ نے تواتر سے ٹوئٹر پر کئی بار ڈیموکریٹ امیدوار جون اوسوف کو تنقید کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ رائے دہندگان سے کیرن ہینڈل کو ووٹ دینے کی اپیل کی تھی۔

منگل کو ساؤتھ کیرولائنا سے ایوانِ نمائندگان کے ایک اور حلقے میں ہونے والے انتخاب میں بھی ری پبلکن جماعت کے رالف نارمن نے کامیابی حاصل کی۔

تازہ کامیابیوں کے بعد 435 رکنی ایوانِ نمائندگان میں ری پبلکن کو 241 نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل ہے جب کہ ڈیموکریٹس کے پاس 194 نشستیں ہیں۔

کانگریس کے ایوانِ بالا یعنی سینیٹ میں بھی ری پبللکنز کو اکثریت حاصل ہے۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG