رسائی کے لنکس

آسٹریلیا: ساحل پر پھنسی 180 وہیل مچھلیوں کو بچانے کی کوششیں جاری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

آسٹریلیا کے صوبے تسمانیا کے ساحل پر پھنسی ہوئی 270 میں سے 90 وہیل مچھلیوں کے مرنے کی اطلاعات ہیں۔ ریسکیو حکام نے باقی ماندہ 180 وہیل مچھلیوں کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ 'پائلٹ وہیل' کے دو گروہ تسمانیا کے مکوائیر ہاربر میں پھنس گئے ہیں۔ اس علاقے میں زیر آب ریت کی تہہ ہے۔

تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کم گہرے پانیوں میں بہت سی وہیلز کھلی جگہ پر جانے کی تگ و دو کر رہی ہیں۔

آبی حیات کے ایک ماہر کرس کارلن کا کہنا ہے کہ ساحلی علاقے کے قریب 270 وہیل مچھلیاں پھنس گئی تھیں، جن میں سے پیر کی رات تک ایک تہائی مر چکی ہیں۔

تسمانیا میں ساحل پر بڑی تعداد میں مچھلیوں کے پھنسنے کے واقعات بہت کم ہوتے ہیں۔ یہ واقعہ ایک عشرے کے بعد دیکھنے میں آیا۔

رضا کاروں کے مطابق ان مچھلیوں تک صرف کشتیوں کے ذریعے ہی پہنچا جا سکتا ہے جس کی وجہ سے ریسکیو کا کام مزید مشکل ہو گیا ہے۔

60 کے قریب ریسکیو اہل کار جن میں مقامی مچھلی مارکیٹ میں کام کرنے والے بھی شامل ہیں، امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

شدید سردی اور بندرگاہ پر مد و جزر کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات آ رہی ہیں۔

کرس کارلن کا کہنا تھا کہ ’تسمانیا میں بڑی تعداد میں وہیل مچھلیوں کا ساحل پر پھنسنے کا یہ عجیب واقعہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی بہت سی وہیل مچھلیاں جو کسی حد تک گہرے پانی میں موجود ہیں، وہ کئی دن تک زندہ رہ سکیں گی اور تب تک ان کی ٹیم ریسکیو کا کام مکمل کر لے گی۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ان وہیل مچھلیوں کے ساحل پر پھنسنے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ ساحل کے قریب شکار کرتے ہوئے یہ بھٹک گئیں یا چند بھٹکی ہوئی وہیل مچھلیوں کا پیچھا کرتے ہوئے سارا گروہ ساحل پر پھنس گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG