رسائی کے لنکس

‘وقار کی بحالی’ ریلی: خداسے رُجوع کرنے کی تلقین


قدامت پرست امریکی تبصرہ نگار گلین بیک نے واشنگٹن میں ہونے والی ایک ریلی میں اپنےحمایتیوں کو تلقین کی کہ خدا کی طرف پلٹیں اور ملک کے وقار کو بحال کریں۔

ہزاروں افراد قومی یادگار کے گِرد جمع تھےجو امریکی صدر ابراہم لنکن کی یاد میں قائم ہے، جہاں وہ ‘وقار کی بحالی’ کی ریلی کی تقریب میں خطاب کرنے والوں کو دیکھ اور سُن رہےتھے۔

ریلی کا مقصد امریکی فوجی اہل کاروں کو خراج ِ تحسین پیش کرنا تھا۔

بیک نے شرکا سے کہا کہ وہ فون اُٹھائیں اور بغیر نفع و نقصان کے کام کرنے والے فلوریڈا میں قائم ایک ادارے ‘اسپیشل آپریشنز وارئر فاؤنڈیشن’ کو ٹیکسٹ مسیج کے ذریعے عطیات دیں، جس کے بارے میں منتظمیں کا کہنا ہے کہ یہ گروپ اخراجات کی ادائگی کے بعد ریلی کی طرف سے دیے گئے عطیات وصول کرے گا۔

ری پبلیکن پارٹی کے سابق نائب صدارت کی امیدوار سارا پیلن نے بھی مجمعے سے خطاب کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ وہ سیاست داں کے طور پر نہیں بلکہ ایک فوجی کی والدہ کی حیثیت سے خطاب کرنے حاضر ہوئی ہیں۔ اُنھوں نے اجتماع پر زور دیا کہ امریکہ کی بحالی اور آج کےدِن کو تبدیلی لانے کے لمحے میں تبدیل کرنے کے لیے اپنے اندر صدر لنکن اور شہری حقوق کے رہنما مارٹن لوتھر کنگ کی سی اخلاقی جراٴت پیدا کریں۔

شہری حقوق کے سرگرم کارکنان اور ناقدین نے کنگ کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر ، اُسی مقام پر ریلی منعقد کرنے پر سوالات اٹھائے ہیں جس جگہ کنگ نے تقریر کی تھی جس کا عنوان تھا ‘میرا ایک خواب ہے’۔

بیک کا اصرار تھا کہ وقت کا چناؤ اتفاقیہ ہے لیکن اِسے قدرت کی عنایت قرار دیا۔

لوگوں نے امریکی جھنڈے لہرائے اور خوشی کا اظہار کیا جب بیک، پلنت اور دوسرے مقررین نے خطاب کیا۔ متوقع طور پر ریلی میں ری پبلیکن اور قدامت پسند ‘ٹی پارٹی’ تحریک کے حمایتی شریک ہونا تھے، جس پر تنازع کھڑا ہوگیا، حالانکہ بیک کہتے ہیں کہ یہ اجتماع سیاسی نوعیت کا نہیں ہے۔

اُنھوں نے ایمان، امید اور کارِ خیر کے امریکی اصولوں کو بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

قدامت پسند ریڈیو اور فاکس ٹیلی ویژن کے میزبان اختلافی نظریات کے اظہار کے باعث جانے جاتے ہیں۔ گذشتہ برس، اُنھوں نے امریکی صدر براک اوباما کو ‘نسل پرست’ کہا، اُن پر الزام لگایا کہ اُن کے دل میں سفید فام لوگوں کے خلاف گہری نفرت ہے۔

حالانکہ منتظمین نے شرکا سے سیاسی اشتہار بازی کی چیزیں نہ لانے کی درخواست کی تھی، کچھ شرکا کو ٹی پارٹی ریلیوں میں آویزاں کیے جانے والے جھنڈے لہراتے دیکھا گیا۔

XS
SM
MD
LG