رسائی کے لنکس

بھارتی اداکار رشی کپور بھی چل بسے


رشی کپور کو طبعیت خراب ہونے پر بدھ کی شام اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ (فائل فوٹو)
رشی کپور کو طبعیت خراب ہونے پر بدھ کی شام اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ (فائل فوٹو)

بھارتی فلموں کے اداکار رشی کپور 67 سال کی عمر میں جمعرات کی صبح ممبئی میں چل بسے۔ وہ دو سال سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔

رشی کپور کی موت بالی وڈ انڈسٹری کے لیے دو روز کے دوران دوسرا بڑا جھٹکا ہے۔ گزشتہ روز کینسر کے عارضے میں مبتلا اداکار عرفان خان اس دنیا سے رخصت ہو گئے تھے۔

رشی کپور علاج کی غرض سے ممبئی کے سر ایچ این ریلائنس فاؤنڈیشن اسپتال میں داخل تھے۔

رشی کپور اور امیتابھ بچن
رشی کپور اور امیتابھ بچن

رشی کپور کے بڑے بھائی رندھیر کپور کے مطابق رشی کو طبعیت خراب ہونے پر بدھ کی شام اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

اس سے قبل 2018 میں کینسر کی تشخیص ہونے پر وہ علاج کی غرض سے ایک سال تک نیویارک میں بھی مقیم رہے تھے۔ نیویارک میں علاج کے بعد گزشتہ برس ستمبر میں ان کی واپسی ہوئی تھی۔

رشی کپور اپنے بڑے بھائی رندھیر کپور کے ہمراہ کھڑے ہیں جب کہ تیسرے بھائی بھی نمایاں ہیں
رشی کپور اپنے بڑے بھائی رندھیر کپور کے ہمراہ کھڑے ہیں جب کہ تیسرے بھائی بھی نمایاں ہیں

رندھیر کپور کے مطابق رشی کپور کی اکثر طبعیت ناساز رہتی تھی جب کہ رواں برس فروری میں بھی انہیں نئی دہلی کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

رشی کپور نے اپنی فنی زندگی کا آغاز 1973 میں ریلیز ہونے والی فلم 'بوبی' سے کیا تھا تاہم اس سے قبل وہ فلم 'شری 420' اور 'میرا نام جوکر' میں بطور چائلڈ ایکٹر کام کر چکے تھے۔

رشی کپور اور ان کی اہلیہ نیتو سنگھ : فائل فوٹو
رشی کپور اور ان کی اہلیہ نیتو سنگھ : فائل فوٹو

'امر اکبر انتھونی'، 'لیلیٰ مجنوں'، 'رفو چکر'، 'سرگم'، 'قرض' اور 'بول رادھا بول' ان کی کامیاب ترین فلموں میں شامل ہیں۔

'کپور اینڈ سنز'، 'ڈی ڈے'، 'ملک' اور '102 ناٹ آؤٹ' جیسی فلمیں ان کے دور کی آخری فلموں میں شمار ہوتی ہیں۔

رشی کپور اور امیتابھ بچن نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے جن میں 'امر اکبر انتھونی' کے علاوہ 'نصیب' بھی شامل ہے۔

رشی کپور سوشل میڈیا پر بھی خاصے متحرک نظر آتے تھے جب کہ ماضی میں پاکستان کے حوالے سے دیے گئے بیانات اور پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے ان پر دونوں ممالک میں تنقید ہوتی رہی ہے۔

عمران ہاشمی کی فلم 'دی باڈی' ان کے فنی کیریئر کی آخری فلم تھی۔

XS
SM
MD
LG