رسائی کے لنکس

رونالڈو دنیا میں سب سے زیادہ کمانے والے کھلاڑی بن گئے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پرتگال کے اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ لینےوالے اور ایک سال میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔

امریکہ کے معروف جریدے ’فوربز‘ کے مطابق سعودی عرب کے فٹ بال کلب ’النصر‘ سے گزشتہ برس معاہدہ کرنے کے بعد رونالڈو کی سالانہ آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ دنیا میں سب سے زیادہ کمانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

سب سے زیادہ کمائی کرنے والے دنیا کے 10 ایتھلیٹس میں رونالڈو کے بعد دوسرا نمبر ارجنٹائن کے لیونل میسی کا ہے جب کہ فرانس کے کیلیان امباپے تیسرے نمبر پر ہیں۔

فوربز کے مطابق مانچسٹر یونائیٹڈ فٹ بال کلب کو خیرباد کہہ کر سعودی کلب میں شامل ہونے والے رونالڈو نے گزشتہ برس13 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سے زیادہ رقم (لگ بھگ 38 ارب 40 کروڑ پاکستانی روپے) کمائی۔ اسی طرح لیونل میسی 13 کروڑ ڈالر (36 ارب 70 کروڑ روپے) کے ساتھ دوسرے اور امباپے 12 کروڑ ڈالر (33 ارب 88 کروڑ روپے)کما کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

جریدےفوربز نے ان کھلاڑیوں کی سالانہ آمدنی کا تخمینہ ان کی آن فیلڈ اور آف فیلڈ کمائی کے بعد لگایا گیا ہے۔

جس کا مطلب ہےکہ اس میں کھلاڑیوں کو گزشتہ 12 ماہ کے دوران ملنے والی تنخواہ، مقابلے جیتنے کی مد میں ملنے والی پرائز منی اور بونسز شامل ہیں یہ تمام آن فیلڈ کمائی ہے۔

اسی طرح اسپانسرشپ معاہدوں، پروگراموں میں شرکت اور کاروبار سے حاصل ہونے والی آمدنی آف فیلڈ کمائی ہے جسے مجموعی آمدنی میں شامل کیا گیا ہے۔

امریکی نیشنل فٹ بال لیگ کے کھلاڑی لیبرون جیمس اپنی 11 کروڑ 95 لاکھ ڈالر کی آمدنی کےساتھ چوتھے اور میکسیکو کے باکسر کنیلو الواریز 11 کروڑ ڈالر ڈالر کمانے کے بعد پانچویں نمبر پر ہیں۔

سب سے زیادہ کمائی کرنے والے دنیا کے 10 ایتھلیٹس میں، مقبول کھیل کرکٹ سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی کھلاڑی ٹاپ کے 10 ناموں میں شامل نہیں ہو سکا ہے۔ البتہ امریکی گالفر ڈسٹن جانسن اور فل میکلسن بالترتیب 10 کروڑ 70 لاکھ ڈالر اور 10 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سالانہ آمدنی کے ساتھ چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں۔

باسکٹ بال کے امریکی سپر اسٹار اسٹیفن کیوری اور کیون ڈیورنٹ بھی بالترتیب 10 کروڑ ڈالر اور آٹھ کروڑ 90 لاکھ ڈالر کے ساتھ آٹھویں اور نویں نمبر پر ہیں۔

دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے 10 بڑے ایتھلیٹس کی فہرست میں ایک واحد ریٹائر کھلاڑی بھی شامل ہیں جنہوں نے گزشتہ برس نو کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زائد کمائے اور وہ ٹینس کے سابق نمبر ون راجر فیڈر ہیں۔

XS
SM
MD
LG