رسائی کے لنکس

برطانیہ: شاہی کرسمس


شاہی خاندان
شاہی خاندان

اِس موقع پر شاہی خاندان کے ساتھ شہزادی کیتھرین( کیٹ)، شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری موجود نہیں

شاہی خاندان روایت کےمطابق کرسمس کا تہوار نورفک میں واقع اسٹیٹ ہاؤس میں منائے گا۔

اس سال کرسمس پر سینڈرنگم اسٹیٹ ہاوس میں جمع ہونے والوں میں ملکہٴبرطانیہ سمیت شاہی خاندان کے دیگر افراد پرنس فلپ،پرنس اینڈریو ،پرنس ایڈورڈ اور ان کی صاحبزادیاں شامل ہیں۔

اِس موقع پر شاہی خاندان کے ساتھ شہزادی کیتھرین( کیٹ)، شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری موجود نہیں۔ شہزادی کیٹ شادی کے بعد دوسرا کرسمس شاہی خاندان کی روایت سے ہٹ کر اپنے میکے میں گزاریں گی جبکہ کرسمس کے موقع پرشہزادہ ہیری افغانستان میں موجود ہیں، جہاں وہ برطانوی فوج میں پائلٹ کی حیثیت سے بھرتی ہیں۔

قبل ازیں، بدھ کے روز شاہی خاندان کی جانب سے کرسمس کا روایتی خاندانی لنچ بکنگھم پیلس میں منعقد کیا گیا، جہاں سارا خاندان کرسمس سے قبل اکھٹے ہوا۔

تاہم، ملکہ الزبتھ اتوار کے روز سینڈرنگم چرچ کی دعائیہ سروس میں شریک نہیں ہو سکیں۔

ان کی غیر حاضری پر بکنگھم پیلس کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا جس کےمطابق ملکہ برطانیہ سینڈرنگم میں سردی لگ جانے سے بیمار ہوگئی ہیں۔ تاہم، اس بات کا اطمینان دلایا گیا کہ وہ کرسمس کے موقع پر چرچ سروس میں شریک ہوں گی۔

شاہی محل سینٹ جیمس کے ترجمان کے مطابق ڈیوک شہزادہ ولیم اور ڈچز شہزادی کیتھرین اس سال کرسمس کا تہوار میڈیلٹن ہاؤس میں منائیں گے۔ ملکہ برطانیہ اور شہزادہ فلپ نےشہزادی کیٹ کو ان کے اہل خانہ کے ساتھ کرسمس منانے کی خصوصی اجازت دی ہے۔

شہزادی کیٹ ان دنوں حاملہ ہیں ۔وہ طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے لندن کے کنگ ایڈورڈ ہسپتال میں تین دن زیر علاج رہ چکی ہیں، جہاں طبی ماہرین نے انھیں آرام کر نے کا مشورہ دیا ہے۔ شہزادی کیٹ کی تعطیلات ذاتی نوعیت کی ہیں جہاں وہ اپنے گھر میں اپنی والدہ کارل والد مائیکل بہن پیپا اوربھائی جیمس کےساتھ کرسمس منائیں گی جبکہ انہی تعطیلات کے دوران وہ شاہی خاندان سے ملنے سینڈرنگم اسٹیٹ بھی جائیں گے۔
XS
SM
MD
LG