رسائی کے لنکس

ٹرمپ کی نئی قومی سلامتی پالیسی پر روس اور چین کی تنقید


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے روس اور چین کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ان دونوں ملکوں سے متعلق خاص تشویش لاحق ہے کیوں کہ یہ دونوں ان کے بقول "امریکی اقدار، بالادستی اور دولت کو چیلنج کرنا چاہتے ہیں۔"

روس اور چین نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی امریکہ کی قومی سلامتی کی نئی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

روسی حکومت کے مرکز 'کریملن' نے نئی امریکی پالیسی کو "سامراجی" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ طاقت کے کئی مراکز پر مشتمل دنیا کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔

کریملن کے ترجمان دمیتری پیسکوف نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ روس، امریکہ کے اس خیال سے متفق نہیں کہ وہ واشنگٹن کے لیے ایک خطرہ ہے اور اس طرح کی باتیں ماسکو کے لیے نا قابلِ قبول ہیں۔

تاہم ترجمان نے واضح کیا کہ ان کا ملک ٹرمپ حکومت کی جانب سے باہمی مفادات کے حصول کے لیے روس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا خیرمقدم کرتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے پیر کو ایک خطاب میں امریکہ کی قومی سلامتی کی نئی پالیسی کا اعلان کیا تھا۔ اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ کے حریف اس کی عظمت کو چیلنج کر رہے ہیں۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

نئی پالیسی میں امریکہ کی فوجی طاقت میں اضافے اور اسے اپنے اتحادیوں اور طاقت کے دیگر ذرائع سے مکمل ہم آہنگ بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے جب کہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکہ بالاتر حیثیت کے ساتھ اپنے حریفوں سے معاملات طے کرے گا۔

اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے روس اور چین کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ان دونوں ملکوں سے متعلق خاص تشویش لاحق ہے کیوں کہ یہ دونوں ان کے بقول "امریکی اقدار، بالادستی اور دولت کو چیلنج کرنا چاہتے ہیں۔"

لیکن صدر ٹرمپ کے بقول امریکہ ان کی قیادت میں کبھی ان دونوں ملکوں کے سامنے نہیں جھکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ چاہے ہمیں پسند ہو یا نہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہم مسابقت کے ایک نئے دور میں داخل ہوگئے ہیں جس میں لازمی فتح امریکہ ہی کی ہوگی۔

امریکہ کی نئی قومی سلامتی پالیسی پر اپنے ردِ عمل میں چین نے کہا ہے کہ امریکہ کو سرد جنگ کی فرسودہ ذہنیت سے اب باہر آجانا چاہیے۔

چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان نے منگل کو بیجنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ چین کے عزائم کو دانستہ توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش نہ کرے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ چین ہمیشہ سے بین الاقوامی امن اور ترقی کے فروغ کے لیے کام کرتا رہا ہے اور وہ کبھی کسی اور ملک کے مفادات کی قیمت پر اپنے اہداف حاصل نہیں کرے گا۔

XS
SM
MD
LG