رسائی کے لنکس

امریکی ویزوں سے انکار ناقابل قبول ہے: روس


صدر ٹرمپ اور روسی وزیر اعظم پوٹن۔ فائل فوٹو
صدر ٹرمپ اور روسی وزیر اعظم پوٹن۔ فائل فوٹو

روس کی وزارت خارجہ نے ماسکو میں امریکی سفیر کو طلب کر کے امریکہ کی طرف سے روسی اہلکاروں کو ویزے جاری کرنے سے انکار پر شدید احتجاج کیا ہے۔ ان روسی اہلکاروں کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے جاری اجلاس میں شرکت کیلئے نیو یارک آنا تھا۔

روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس نے آج منگل کے روز ماسکو میں تعینات امریکی سفیر جان ہنٹس مین کو دفتر خارجہ طلب کیا تھا۔ تاہم، اُن کی جگہ اُن کے نائب دفتر خارجہ پہنچے۔

ماسکو کا کہنا ہے کہ اس کے 10 سرکاری اہلکاروں کو امریکی حکام نے ویزے جارے کرنے سے انکار کرتے ہوئے نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت سے محروم کر دیا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا کا کہنا ہے کہ امریکی حکام نے ان 10 روسی اہلکاروں کی ویزا درخواستوں کو یہ کہتے ہوئے واپس کر دیا ہے کہ یہ درخواستیں قبل از وقت ہیں۔

امریکی سفارتخانے کی طرف سے اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لیوروف نیو یارک میں امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو کے ساتھ ملاقات میں یہ معاملہ اٹھائیں گے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ امریکی اقدام بین الاقوامی ضابطوں کی خلاف ورزی ہے اور اس سے اقوام متحدہ کے رکن ممالک کیلئے امریکہ کے عدم احترام کا اظہار ہوتا ہے۔

امریکہ اور روس کے تعلقات شام اور یوکرین کے معاملات کے علاوہ امریکی سیاست میں مبینہ روسی مداخلت کے باعث کشیدگی کا شکار ہیں۔ تاہم، روس امریکی سیاست میں کسی بھی مداخلت سے انکار کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG