رسائی کے لنکس

کریمیا: روسی فوجی قافلوں کی یلغار


کریمیا میں، روسی فوجیوں نے یوکرین کے ہوائی اڈوں اور فوجی تنصیبات کا محاصرہ کرلیا ہے، اور کریمیا کو یوکرین کی سرزمین سے ملانے والی واحد شاہراہ کو کنٹرول کرنے کی غرض سے خندقیں کھودی جا چکی ہیں

اتوار کے دِن روسی فوج کے قافلےیوکرین کے علاقے کریمیا کی مختلف سمتوں میں پھیل چکے ہیں۔

ماسکو سے اپنی رپورٹ میں، جیمز بروک نے بتایا ہے کہ اتوار کے روز روسی فوجیوں نے یوکرین کے جزیرہ نما کریمیا کے حکمت عملی والے مختلف حصوں کی طرف پہنچ چکے ہیں۔

جواباً، یوکرین نے اپنی 10 لاکھ ’رزرو‘ بری فوج کو پیر کے دِن ڈیوٹی پر رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔


یوکرین کے نئے وزیر اعظم، آرسنی یاٹسنیوک نے شدت اختیار کرنے والی تناؤ کی اس کیفیت کے بارے میں کہا ہے کہ ’ہم آفت کے دہانے پر کھڑے ہیں۔ روسی وفاق کے پاس یوکرین کی فتح کا کوئی جواز نہیں تھا‘۔

کریمیا میں، روسی فوجیوں نے یوکرین کے ہوائی اڈوں اور فوجی تنصیبات کا محاصرہ کرلیا ہے، اور کریمیا کو یوکرین کی سرزمین سے ملانے والی واحد شاہراہ کو کنٹرول کرنے کے لیے خندقیں کھودی جا چکی ہیں۔

یوکرین کے وزیر اعظم نے روسی فوجی سرگرمیوں کے بارے میں کہا ہے کہ ’درحقیقت، یہ میرے ملک کے خلاف اعلانِ جنگ ہے۔ ہم صدر پیوٹن پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنی فوج واپس بلا لیں‘۔

کریمیا میں گولیاں چلنے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ لیکن، یوکرین کے دو فوجی اڈے خالی کرلیے گئے ہیں، اور کریمیا میں یوکرین کے اعلیٰ ایڈمرل نے یوٹیوب پر آنے والی ایک وڈیو میں علاقے کے علیحدگی پسند لیڈر کے ساتھ اپنی وفاداری کا عہد جتایا ہے۔

یوکرین کے فوجی اہل کاروں کا کہنا ہے کہ روس کریمیا میں تعینات یوکرین کے عہدے داروں کو روسی پاسپورٹ جاری کر رہا ہے۔

یوکرین کے دو پارلیمانی رہنماؤں نے اتوار کے دِن کہا ہے کہ کئیف کی طرف سے فوج طلب کرنے کی دھمکی اس لیے سامنے آئی ہے، تاکہ روس کے ساتھ مذاکرات میں اُس کے لیے ایک مضبوط مؤقف کی گنجائش نکل سکے۔

ماسکو اور سینٹ پیٹرزبرگ میں سرکاری تحویل میں نکلنے والے ہزاروں نفوس پر مشتمل ایک مظاہرے میں کریمیا میں روس کی فوج روانہ کرنے کی حمایت کی گئی۔

دوسری طرف، دونوں شہروں میں جنگ کی مخالفت میں چھوٹے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے، جِن کے بعد، تقریباً 300 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔

رائے عامہ کے جائزوں سے پتا چلتا ہے کہ روسیوں کے خیال میں زیادہ تر روسی زبان بولنے والا یوکرین کا یہ جزیرہ روس کا حصہ ہونا چاہیئے۔ اتوار کو کریمیا کے بارے میں روس کے اہداف خاصے واضح ہوچکے ہیں۔

روس کے سرکاری خبررساں ادارے نے 30 مارچ کو کریمیا میں ہونے والے ریفرینڈم کے بارے میں خبر میں کہا ہے کہ اِس میں ووٹر آزادی، یوکرین کے اندر جاری خودمختاری یا پھر روس کے ساتھ الحاق سےمتعلق اپنا اظہار خیال کریں گے۔

ادھر، اگلے ہفتے، روس کا پارلیمان، ڈوما ایک نئے قانون پر بحث کا آغاز کرنے والا ہے، جِس میں روس کے لیے نئے علاقوں کو اپنے ساتھ ملانا آسان ہوجائے گا۔ اِس طرح کی ایک قانون سازی کے ذریعے، مقامی ریفرینڈم کو بین الاقوامی سمجھوتوں پر فوقیت حاصل ہوجائے گی۔
XS
SM
MD
LG