رسائی کے لنکس

پال رائن نومبر میں دوبارہ انتخاب لڑنے کا ارادہ نہیں رکھتے


امریکی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر پال رائن نومبر میں دوبارہ انتخاب لڑنے میں دلچسپی نہیں رکھتے، جس سے اس بات پر سوال اٹھ کھڑا ہوا ہے کہ وسط مدتی انتخابات میں ری پبلیکن پارٹی ایوانِ نمائندگان میں اکثریت جاری رکھ پائے گی۔

بدھ کے روز اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، رائن نے اعلان کیا کہ جنوری میں جب موجودہ کانگریس کے ارکان کی میعاد پوری ہوگی، وہ ریٹائر ہو جائیں گے، چونکہ وہ اپنے خاندان کو زیادہ وقت دینا چاہتے ہیں۔

رائن نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’’میں نے اس عہدے کے لیے ہر چیز حوالے کی ہے، اور مجھے اس بات پر کوئی معذرت نہیں کہ میں نے یہ ذمے داری کیوں قبول کی۔ لیکن، سچ یہ ہے کہ یہ ذمہ داری زندگی کی ہر چیز چھین لیتی ہے‘‘۔

کانگریس کو 20 برس دینے کے بعد، رائن نے توجہ دلائی کہ وہ اپنے بیوی اور تین نوجوان بچوں کو زیادہ وقت دینا چاہتے ہیں۔

اُنھوں نے وضاحت کی کہ ’’اگر میں مزید ایک میعاد یہاں رہتا ہوں تو بچے مجھے اختتامِ ہفتہ نظر آنے والا والد سمجھیں گے۔ میں ایسا نہیں ہونے دوں گا‘‘۔

اُن کی رخصت سے ممکنہ طور پر ایوان کے اسپیکر کی جگہ لینے کی کھینچا تانی شروع ہوگی۔ اس عہدے کے لیے چند اہم ناموں میں کیون مکارتھی کا نام شامل ہے جو کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والے ایوان کے اکثریتی قائد ہیں؛ جب کہ دوسرے، لوزیانہ سے تعلق رکھنے والےاسٹیو اسکالیز ہیں، جو ایوان کے اکثریتی وپ ہیں۔

رائن نے اس اندیشے کو رد کیا کہ اُن کی ریٹائرمنٹ سےایوان میں اکثریت قائم رکھنے کی ری پبلیکن پارٹی کی کوششوں پر اثر پڑے گا۔

بقول اُن کے، ’’یقینی طور پر میں یہ نہیں سمجھتا کہ میں 2019ء میں ایوان میں رہوں یا چلا جاؤں، کانگریس میں کسی اعتبار سے کوئی اثر پڑے گا‘‘۔

صدر ڈونالڈ ٹرمپ جن سے ماضی میں رائن کے کشیدہ تعلقات رہے ہیں، ٹوئٹر پر رائن کی تعریف کی۔

صدر نے بدھ کے روز اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ ’’اسپیکر پال رائن یقینی طور پر ایک اچھے انسان ہیں اور جب وہ دوبارہ انتخاب نہیں لڑیں گے، تو بھی وہ کامیابی کا ورثہ باقی چھوڑ جائیں گے، جس پر کوئی سوال نہیں اٹھ سکتا۔ پال، ہم آپ کے ساتھ ہیں!‘‘۔

XS
SM
MD
LG