رسائی کے لنکس

’​لاہور کا ایک قلندر‘ پی ایس ایل سے آؤٹ، سلمان بٹ اِن


انجرڈ محمد حفیظ کے پاکستان سپر لیگ سے آؤٹ ہونے کے بعد سلمان بٹ کو اُن کی جگہ لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ کراچی کنگز کے خلاف 16 فروری کو ایونٹ کے پانچویں میچ میں فیلڈنگ کے دوران اُس وقت زخمی ہوگئے تھے جب کولن انگرام کے زور دار شاٹ کے بعد گیند اُن کے ہاتھ پر جاکر لگی اور انہیں گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا۔

محمد حفیظ پشاور زلمی کے خلاف اگلے میچ میں شرکت نہیں کرسکے تھے، اُن کی جگہ ڈیولیئرز نے ٹیم کی قیادت کی لیکن لاہور قلندرز یہ میچ 7 وکٹوں سے ہار گئی تھی۔

لاہور قلندرز نے محمد حفیظ کی جگہ سلمان بٹ کی ٹیم میں شمولیت کے لئے پی ایس ایل کی ٹیکنیکل کمیٹی سے درخواست کی تھی جسے منظور کرلیا گیا ۔

لاہور قلندر زکے کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے ’ محمد حفیظ کاایونٹ سے باہر ہونا افسوسناک ہے مگر یقین ہے کہ سلمان بٹ جیسا تجربہ کار پاکستانی کھلاڑی ہی محمد حفیظ کا متبادل ثابت ہوگا۔

ٹیم منیجر ثمین رانا نے سلمان بٹ کی ٹیم میں شمولیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سلمان بٹ اچھا اضافہ ہیں، وہ اچھی فارم میں رہے ہیں اوراس سطح پر بھی وہ اپنی فارم دکھانے کے لئے موقع دیئے جانے کے حق دار ہیں۔

پی ایس ایل سیزن فور میں لاہور قلندرز نے اب تک تین میچز کھیلے ہیں لیکن صرف ایک ہی میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔قلندرز کا اگلا میچ ملتان سلطانز کے خلاف شارجہ میں 22 فروری کو ہوگا۔

2010ء میں دورہ انگلینڈ کے دوران اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پانچ سال کی معطلی کے بعد یہ سلمان بٹ کا سب سے بڑاایونٹ ہوگا۔

پابندی کے وقت سلمان بٹ 33 ٹیسٹ،78 ایک روزہ بین الاقومی اور 24 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کر چکے تھے۔

سلمان بٹ نے 24 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 107 اعشاریہ 98 کی اوسط سے 595رنز بنائے ہیں، کسی بھی اننگز میں اُن کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور 74رنز ہے۔

سلمان بٹ پابندی کی مدت پوری کرنے کے بعد جنوری 2016ء میں قومی ون ڈے کپ میں بھی شرکت کرچکے ہیںجس میں وہ عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 107سے زائد اوسط کے ساتھ 536رنز بناکر ٹورنامنٹ کے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG