رسائی کے لنکس

سلمان خان لکھیں گے گانا اور آواز کا جادو جگائیں گے عاطف اسلم


عاطف اسلم، فائل فوٹو
عاطف اسلم، فائل فوٹو

کہئے کیسا آئیڈیا ہے؟ ہے نا کمال کی بات۔ بھارتی میڈیا میں خبریں گرم ہیں کہ سلمان خان نہ صرف’ ریس 3‘ کے ہیرو ہیں بلکہ انہوں نے فلم کے لئے کچھ گانے بھی لکھے ہیں۔ اگر ایسا ہے تو شاید سلمان خان کے فینز عاطف اسلم کو ان کا لکھا گانا گاتے جلد ہی دیکھ سکیں۔

بالی وڈ کی کئی ہٹ فلموں کو سپر ہٹ گانے دینے والے پاکستانی سنگر عاطف اسلم بھار ت میں اتنے ہی مقبول اور فین فالوؤنگ رکھتے ہیں جتنی کہ پاکستان میں۔ اسی لئے ’ریس 3‘ کے فلم میکرز عاطف اسلم کی آواز میں گانا شامل کرنے کو بے قرار ہیں۔

سلمان خان اسٹار ’ریس 3‘ کے پروڈیوسرز نے عاطف اسلم سے رابطہ کر کے فلم کے لئے گانا ریکارڈ کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

انگریزی اخبار ’ٹری بیون‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ’ریس 3‘ سے جڑے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ پروڈیوسرز ،عاطف اسلم سے رابطے میں ہیں۔

عاطف اسلم ریس سیریز کی پہلی دو فلموں ’ریس ‘ اور ’ریس 2‘ میں بھی اپنی آواز کا جادو جگا چکے ہیں۔’سال 2008 میں ریلیز ہوئی’ ریس ‘ میں عاطف اسلم کا گایا گانا ’پہلی نظر میں‘ بہت مشہور ہوا تھا جبکہ 2011 میں ’ریس 2‘ میں عاطف کے دو گانوں ’بے انتہا‘ او ر’اللہ دہائی ہے‘ نے بھی دھوم مچا دی تھی۔ خصوصا ’پہلی نظر‘ نے فلم کی کامیابی میں بنیادی کردارادا کیا تھا۔

یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ پاکستانی فنکاروں اور گلوکاروں کے بالی وڈ میں کام کرنے پر پابندی کے باوجود بہت سے بالی وڈ فلم میکرز پاکستانی گلوکاروں اور اداکاروں کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور انٹرٹینمٹ انڈسٹری کی بھلائی بھی اسی میں ہے کہ آپس میں مل جل کر اور تعاون سے کام کیا جائے۔

بالی وڈ کے اندرونی حلقوں کا خیال ہے کہ اگر عاطف اسلم کا گانا ’ریس 3‘ میں شامل ہوا تو سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

گزشتہ مہینے انڈین موشن ایسوسی ایشن نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی سے پاکستانی آرٹسٹوں کے بھارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کرنے کی درخواست کی تھی۔

XS
SM
MD
LG