رسائی کے لنکس

بے گھر افراد کے لیے دوکروڑ ڈالر سے زائد سعودی امداد


سعودی ناظم العمور عبدالرحمن بدیوی نے پریس کانفرنس میں امداد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
سعودی ناظم العمور عبدالرحمن بدیوی نے پریس کانفرنس میں امداد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

سعودی عرب نے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران بے گھر ہونے والے افراد کے لیے دو کروڑ 40لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کی ہے اور ساتھ یہ یقین بھی دلایا ہے کہ وہ کسی بھی مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ نہیں چھوڑے گا۔

یہ امداد اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ذریعے سے خیبر پختونخواہ صوبے اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں تقریباً 12لاکھ متاثرین کی ضروریات کو پورا کرے گی۔

سعودی عرب کی طرف سے یہ امداد ایک ایسے وقت پر دی گئی ہے جب پاکستان عالمی برادری بشمول دوست ملکوں کی طرف سے امدادکی فراہمی میں سست روی کی شکایت کررہا ہے جس کا اس سے وعدہ کیا گیا تھا تاکہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اٹھنے والے بھاری نقصان سے نمٹ سکے او رتعمیر نو کا عمل برقرار رکھ سکے۔

اسلام آباد میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی ناظم الامور عبدالرحمن بدیوی نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے بے گھر افراد کے لیے تازہ امداد اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ اسے پاکستان کی ضروریات کا پوری طرح احساس ہے۔

اس موقع پر موجود ورلڈ فوڈ پروگرام کے نمائندے یحییٰ مجید نے کہا کہ سعودی امداد بے گھر افراد کو گندم، گھی،دالیں اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی پر خرچ ہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ اس وقت ان کا ادارہ تقریباً 26لاکھ بے گھر افراد کو امداد فراہم کررہا ہے۔

XS
SM
MD
LG