رسائی کے لنکس

پاکستان سے رواں برس 81 ہزار 132 عازمین حج کے لیے آئیں گے: سعودی میڈیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سعودی عرب نے تمام ممالک کے لیے حج 2022 کے کوٹے کا اعلان کردیا ہے۔

سعودی اخبار سعودی گیزیٹ کی رپورٹ کے مطابق اخبار عکاظ اور سعودی گیزیٹ کو اتنہائی باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزارتِ حج اور عمرہ نے حج کوٹے کی منظوری دے دی ہے۔

سب سے زیادہ عازمین حج انڈونیشیا سے ہوں گے جس کے لیے وزارت نے ایک لاکھ 51 افراد کا کوٹہ مختص کیا ہے۔ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ عازمین پاکستان سے جائیں گے جن کی تعداد 81 ہزار 132 مختص کی گئی ہے۔

پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور کے حکام نے وائس آف امریکہ کو تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے لیے 81 ہزار 132 افراد کا حج کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

بھارت کے لیے 79 ہزار 237، بنگلہ دیش کے لیے 57 ہزار 585 افراد کا حج کوٹہ رکھا گیا ہے۔ عرب ممالک میں مصر کا کوٹہ 35 ہزار 375 افراد کا مختص کیا گیا ہے۔

اسی طرح افریقی ممالک میں سب سے زیادہ کوٹہ نائیجیریا کے حصے میں آیا ہے اور 43 ہزار آٹھ افراد وہاں سے حج کی ادائیگی کرسکیں گے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ نے ایران کے لیے 38 ہزار 481 جب کہ ترکی کے لیے 37 ہزار 770 افراد کا کوٹہ رکھا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ کے لیے 9 ہزار 504، روس کے لیے 11 ہزار 318، چین کے لیے 9190 جب کہ تھائی لینڈ کے لیے عازمین حج کی تعداد 5885 رکھی گئی ہے۔

سعودی نشریاتی ادارے 'العربیہ' کے مطابق افغانستان کے لیے حج کا کوٹہ 13 ہزار 582 رکھا گیا ہے جب کہ برطانیہ کو 12 ہزار 348 اور فرانس کو 9 ہزار 268 افراد کا کوٹہ ملا ہے۔

یوکرین سے صرف 91 جب کہ افریقی ملک انگولاسے صرف 23 افراد حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔

اس سے قبل سعودی وزارت نے اعلان کیا تھا کہ رواں سال 10 لاکھ ملکی و غیر ملکی افراد حج ادا کریں گے۔ ان میں سے 85 فی صد افراد غیرملکی جب کہ 15 فی صد ملکی عازمین ہوں گے۔

سعودی عرب کے مطابق رواں سال آٹھ لاکھ پچاس ہزار غیر ملکی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے جب کہ مقامی افراد کی تعداد کو ڈیڑھ لاکھ تک رکھا گیا ہے۔

سعودی وزات نے اس سال حج کے لیے کچھ پابندیاں بھی لگائی ہیں جس میں 65 سال تک کی عمر کے ویکسین شدہ افراد یہ فریضہ ادا کرسکیں گے۔

اس کے علاوہ بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ سفر سے 72 گھنٹے پہلے تک کا منفی کرونا پی سی آر ٹیسٹ جمع کرائیں۔

حج دنیا کے بڑے مذہبی اجتماعات میں سے ایک ہے۔ کرونا وائرس کے آغاز سے قبل ہر سال لگ بھگ 25 لاکھ افراد دنیا بھر سے حج کی ادائیگی کےلیے سعودی عرب کا رخ کرتے تھے۔ مگر کرونا وائرس سے جہاں دنیا بھر میں اجتماعات متاثر ہوئے تھے وہیں حج پر بھی اس کا اثر پڑا تھا۔

حج اسلامی مہینے ذی الحج میں ادا کیا جاتا ہے اور اس کے مناسک کا آغاز آٹھ ذی الحج سے ہوجاتا ہے۔ رواں سال جولائی کے مہینے میں حج ادا کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG