رسائی کے لنکس

سعودی عرب: 15 ستمبر سے فضائی آپریشن کی جزوی بحالی کا فیصلہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سعودی عرب نے 15 ستمبر سے فضائی آپریشن کی جزوی بحالی کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت صرف سعودی شہری اور رہائشی بیرونِ ملک آ جا سکیں گے۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے اتوار کے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ حکام نے 15 ستمبر سے فضائی آپریشن کی جزوی بحالی کی اجازت دی ہے جب کہ آئندہ برس یکم جنوری کے بعد مملکت میں ہر قسم کی سفری پابندیاں ختم کر دی جائیں گی۔

رواں برس مارچ میں سعودی حکومت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہوائی سفر پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی تھی۔

سعودی حکام کی جانب سے 15 ستمبر کے بعد جن افراد کو بیرونِ ملک سفر کی اجازت ہو گی ان میں سول اور ملٹری ملازمین، سفارت کار اور ان کے خاندان، سرکاری یا نجی ملازم، تاجر، بیرونِ ملک علاج کی غرض سے جانے والے مریض، بیرونِ ملک پڑھنے والے طلبہ، فلاحی کارکن اور کھیلوں کی ٹیمیں شامل ہیں۔

خلیج عرب کے شہری، غیر سعودی رہائشیوں اور سفری ویزہ رکھنے والوں کو 15 ستمبر کے بعد کرونا ٹیسٹ منفی آنے کی شرط پر ہی ملک میں داخل ہونے کی اجازت ملے گی۔

مارچ کے بعد سے ملک میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اکثر شہروں اور قصبوں میں حکام نے سخت پابندیاں نافذ کر رکھی ہیں۔

عالمی وبا کی وجہ سے پیدا شدہ اقتصادی بحران کے سبب خلیجی ملکوں بالخصوص سعودی عرب معاشی بحران کی جانب بڑھ رہا ہے۔

معاشی بحران کی وجہ سے تیل کی طلب میں کمی سے سعودی اقتصادی بحران میں اضافہ ہوا ہے۔ رواں برس سعودی عرب نے اپنی مجموعی قومی پیداوار کی 11.4 فی صد بجٹ میں کٹوتیاں بھی کر دی ہیں۔

کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سعودی عرب نے حج پر شرکت محدود کر دی تھی اور عمرے پر پابندی تاحال برقرار ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے تین لاکھ 25 ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آ چکے ہیں اور اس وبا سے ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار 268 ہے۔

XS
SM
MD
LG