رسائی کے لنکس

سعودی عرب میں اگلے ماہ میونسپل انتخابات ہوں گے


سعودی عرب میں اگلے ماہ میونسپل انتخابات ہوں گے
سعودی عرب میں اگلے ماہ میونسپل انتخابات ہوں گے

سعودی عرب میں اگلے مہینے میونسپلٹی کے انتخابات کرائے جا رہے ہیں۔ مشرق وسطیٰ کے اس قدامت پسند ملک میں حکومت کی طرف عوام کوفراہم کی جانے والی اس تازہ ترین رعایت کی بظاہر وجہ آس پاس کے ممالک میں بڑھتی ہوئی سیاسی بے چینی ہے۔

بدھ کے روز سعودی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاہے کہ میونسپل انتخابات کا پہلا مرحلہ 23 اپریل کو ہوگا۔ یہ ملک کے دوسرے میونسپل الیکشن ہوں گے۔ اس سے قبل 2005ء میں ہونے والے پہلے انتخابات میں قدامت پسند مسلمان امیدواروں نے نمایاں کامیابی حاصل کی تھی۔

2005ء کے انتخابات میں 21 سال سے یا اس سے زیادہ عمر کے صرف سعودی مردوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی تھی۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اپریل میں منقعد کیے والے انتخابات میں خواتین کو ووٹ کا حق دیا جائے گا یا نہیں۔

شاہ عبداللہ اپنے ملک کو خطے کے دوسرے ملکوں میں جاری سیاسی بے چینی کی لہر سے بچانے کے لیے اپنے عوام کے لیے مراعات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پچھلے ہفتے انہوں نے کارکنوں کی تنخواہوں میں اضافے کا شاہی فرمان جاری کیاتھا ۔ اس کے علاوہ وہ نئے گھروں کی تعمیر اور سیکیورٹی اور داخلی امور کے شعبے میں ملازمتوں کے 60 ہزار نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اربوں ڈالر خرچ کررہے ہیں۔

سعودی حکومت نے بدعنوانی کے خلاف بھی اقدام کرنے کے عزم کا اظہارکرچکی ہے۔

سعودی حکومت نے اس ماہ کے شروع میں ملک بھر میں مظاہروں پر پابندی لگادی تھی، لیکن اس پابندی کے بعد بھی کئی شہروں میں چھوٹے چھوٹے مظاہرے ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG