رسائی کے لنکس

ابھرتے ہوئے نوجوان رہنماؤں کو ایوارڈ دینے کی تقریب دو مئی کو ہوگی


امریکی محکمہٴ خارجہ کے ایک اعلان کے مطابق، یہ 10 نوجوان جن کو ایوارڈ دیے جائیں گے اُن میں ایک پاکستانی نوجوان لڑکی، دانیا حسن بھی شامل ہوں گی۔

پائیدار امن کی تشکیل میں نوجوانوں کے مثبت کردار کو تسلیم کرتے ہوئے، امریکی محکمہٴ خارجہ دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ابھرتے ہوئے نمایاں نوجوان راہنماؤں کی عزت افزائی کے لیے دو مئی کو 10 ایوارڈ دے گا۔

محکمہ ٴخارجہ کی خاتون ترجمان کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے ایک اخباری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’اس سلسلے میں تیسری سالانہ تقریب بدھ، دو مئی کو محکمہٴ خارجہ مین منعقد ہوگی‘‘۔

بیان کے مطابق، تقریب میں امن، معاشی افزائش اور مواقع کو فروغ دینے میں شراکت داروں کی کوششوں کو اجاگر کیا جائے گا۔

دس نوجوان جن کو ایوارڈ دیے جائیں گے اُن میں ایک پاکستانی نوجوان لڑکی، دانیا حسن بھی شامل ہیں۔

دیگر نو نوجوانوں کے نام ہیں: عراق سے سارہ عبداللہ عبدالرحمٰن؛ انڈونیشیا سے داؤو الفتح؛ ترکی سے ایسی صفتی؛ بنگلہ دیش سے تنزیل فردوس، لتھوانیا سے زینا سلیم حسب حامو؛ ناروے سے نینسی ہرز؛ جنوبی افریقہ سے اساسی فنسوکی؛ پاناما سے یوز راڈرک اور تاجکستان سے فیروز یعقوبوف۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ابھرتے ہوئے نوجوانوں کا یہ وفد 19 اپریل سے 12 مئی تک امریکہ بھر کا دورہ کرے گا، جس کا مقصد ہے: اُن کی قائدانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانا، بغیر نفعے کے شعبوں میں انتظامی حکمت عملی کی پرکھ کو جلا بخشنا، سرکاری اور نجے شعبہ جات سے آگہی پیدا کرنا، بہترین روایات کو عام کرنا، اور اُن کے وسائل اور اعانت کے نیٹ ورکس کو وسعت دینا شامل ہے۔

تبادلے کا یہ پروگرام نمایاں نوجوانوں کو ہُنر کی تربیت دیتا ہے، تاکہ نوجوانوں کی راہنمائی کے لیے عالمی معاملات میں زیادہ تعاون کے فروغ میں دلچسپی پیدا ہو، خاص طور پر وہ شعبہ جات جو امن، انتہاپسندی کے انسداد اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG