رسائی کے لنکس

ویزہ درخواست دہندگان سے سماجی میڈیا کی تاریخ کی تفصیل پوچھی جائے گی


یہ تجویز امریکی حکومت کے زیر غور ہے کہ امریکی ویزے کی درخواست دینے والے تقریباً تمام افراد سے سماجی میڈیا کی تاریخ پوچھی جائے گی۔ امریکی محکمہٴ خارجہ نے جمعے کے روز ایسی تجاویز کا ذکر کیا جو صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ’’انتہائی جانچ پڑتال‘‘ کی پالیسی کا حصہ ہیں۔

زیادہ تر ’اِمی گرینٹ‘ اور ’نان اِمی گرینٹ‘ ویزا درخواست دہندگان، جن کی تعداد تقریباً ایک کروڑ 47 لاکھ ہوتی ہے، اُن سے کہا جائے گا کہ وہ وفاقی اپلیکیشن فارم پر سماجی میڈیا کی اپنی شناخت درج کریں، جو اُنھوں نے گذشتہ پانچ سالوں میں استعمال کی ہے۔ تجاویز کے مطابق، اس معلومات کی جانچ کرکے اُن کی شناخت کا پتا چلایا جائے گا۔

محکمہٴ خارجہ جمعے کے روز ’فیڈرل رجسٹر‘ میں یہ تجاویز شائع کرے گا، جس سے ’آفس آف منیجمنٹ اینڈ بجٹ‘ سے منظوری لی جائے گی۔ اس التجا پر عام شہری 60 دنوں تک اپنا رد عمل درج کرا سکتے ہیں۔

یہ تجاویز صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے 2016ء کی انتخابی مہم کے دوران کیے گئے وعدے پر مبنی ہیں، جس میں کہا گیا تھا کہ سلامتی کی وجوہ کی بنا پر غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جب کہ اُنھوں نے مطالبہ کیا تھا کہ امریکہ میں داخل ہونے والے غیر ملکیوں کی ’’سختی سے جانچ پڑتال کی جائے گی‘‘۔

محکمہٴ خارجہ نے کہا ہے کہ اُس کی جانب سے عام حالات میں سفارت کاروں اور سرکاری ویزا کی درخواست دہندگان سے سماجی میڈیا کی معلومات حاصل نہیں کی جائے گی۔

منظوری حاصل ہونے کی صورت میں، درخواست دہندگان گذشتہ پانچ برسوں کے دوران استعمال کیے گئے ٹیلی فون نمبر، اِی میل ایڈریس اور اپنے بین الاقوامی سفر کی تاریخ بتائیں گے۔ محکمہٴخارجہ نے کہا ہے کہ اُن سے پوچھا جائے گا آیا اُنھیں کسی ملک سے نکالا تو نہیں گیا یا اُن کے اہل خانہ کا کوئی رکن دہشت گردی میں ملوث رہا ہے۔

عدالتوں نے ٹرمپ کی سفری پابندیوں کی پہلی دو تجاویز مسترد کر دیں تھیں، جب کہ موجودہ تجویز سابقہ تجاویز کے مقابلے میں مختصر ہے۔ سپریم کورٹ اس موسم بہار کے دوران اس کی قانونی حیثیت پر غور کرے گی، اور توقع ہے کہ جون تک فیصلہ سنایا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG