رسائی کے لنکس

متعدد یورپی ملکوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ، بیلجیئم میں فوج طلب


بیلجیئم کے مختلف حصوں میں مارے جانے والے چھاپوں میں ایک درجن سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔

بیلجیئم، جرمنی اور مغربی یورپ میں درجنوں مشتبہ شدت پسندوں کی گرفتاریوں کے بعد سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔

بیلجیئم میں ہزاروں پولیس اہلکار ایسے مختلف مقامات پر تعینات کیے گئے ہیں جن پر کسی بھی ممکنہ دہشت گرد حملے کا خدشہ ہے۔ ان میں ساحلی شہر انتیورپ میں یہودی آبادیوں سمیت مختلف عمارتیں بھی شامل ہیں۔

دارالحکومت برسلز میں فوج بھی حساس تنصیبات بشمول بیلجیئم کے یہودی عجائب گھر کی حفاظت پر مامور ہے۔

تقریباً تین سو فوجی امریکی اور اسرائیلی سفارتخانوں، نیٹو اور یورپی یونین کی تنصیبات کے تحفظ کے لیے تعینات رہیں گے۔

وزیر دفاع اسٹیون وانڈیپٹ نے فوج کی تعیناتی سے متعلق صحافیوں کو بتایا کہ " یہ بتانا بہت اہم ہے کہ یہ کوئی آسان فیصلہ نہیں تھا۔ لیکن ایک ایسے وقت جب پولیس پہلے ہی بہت زیادہ مصروف ہے فوج کے لیے ایک معاون کردار ادا کرنا ضروری تھا۔"

بیلجیئم میں جمعرات کو ایک مشتبہ اسلامی شدت پسند گروپ کے خلاف مارے جانے والے چھاپے میں دو مسلح شخص ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ گروپ حکام کے بقول مبینہ طور پر پولیس پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اس گروپ کے بعض ارکان شام سے واپس آئے تھے۔ ملک کے مختلف حصوں میں مارے جانے والے چھاپوں میں ایک درجن سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔

ادھر ہفتہ کو یونان میں پولیس نے بیلجیئم میں دہشت گردی کا مبینہ منصوبہ تیار کرنے کے شبے میں کم ازکم چار افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کی۔

یہ اطلاعات بھی موصول ہوئیں ہیں کہ ایتھنز میں حراست میں لیے جانے والے شخص کا حلیہ اور تفصیلات بیلجیئم میں جمعرات کو پولیس پر حملے کے مشتبہ منصوبہ ساز عبدالحامد سے ملتی ہیں لیکن اتوار کی صبح تک اس کی سرکاری طور پر کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔

عبدالحامد مراکش نژاد اور بیلجیئم کا شہری ہے اور باور کیا جاتا ہے کہ یہ یونان میں روپوش تھا۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ یہ بیلجیئم کے اس گروہ کا فرانس میں ہوئے ان دہشت گرد حملوں سے کوئی تعلق ہے یا نہیں جس میں 17 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

جرمنی میں بھی سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔ بس اور ریلوے اسٹیشنوں پر اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے برلن میں دو افراد کو شام میں دہشت گرد گروپ دولت اسلامیہ کے لیے لوگ بھرتی کرنے کے شبے میں گرفتار کیا ہے۔

آئرلینڈ میں بھی پولیس نے الجزائر نژاد فرانسیسی مشتبہ عسکریت پسند کو ڈبلن ایئرپورٹ سے گرفتار کیا۔ یہ شخص جعلی پاسپورٹ پر ملک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

XS
SM
MD
LG