رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان زندہ اور تندرست ہیں: جنوبی کوریا کا دعویٰ


جنوبی کوریا کے اعلیٰ افسر کے مطابق شمالی کوریا میں کوئی غیر معمولی نقل و حرکت نہیں دیکھی گئی۔ کم جونگ ان 13 اپریل سے ملک کے مشرقی علاقے میں موجود ہیں۔ (فائل فوٹو)
جنوبی کوریا کے اعلیٰ افسر کے مطابق شمالی کوریا میں کوئی غیر معمولی نقل و حرکت نہیں دیکھی گئی۔ کم جونگ ان 13 اپریل سے ملک کے مشرقی علاقے میں موجود ہیں۔ (فائل فوٹو)

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی صحت سے متعلق قیاس آرائیاں بدستور جاری ہیں تاہم جنوبی کوریا کے اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ کم جونگ زندہ ہیں۔

جنوبی کوریا کے صدر مون جی ان کے معاون مشیر برائے قومی سلامتی مون چنگ لی کے مطابق کم جونگ ان زندہ اور تندرست ہیں جو 13 اپریل سے ملک کے مشرقی علاقے ونسن میں قیام پذیر ہیں۔

اتوار کو مون چنگ لی نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا میں گزشتہ چند روز کے دوران کوئی مشکوک نقل و حرکت نہیں دیکھی گئی ہے۔

گزشتہ ہفتے بھی جنوبی کوریا کے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وہ کم جونگ ان کی صحت سے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتے اور شمالی کوریا میں کوئی غیر معمولی نقل و حرکت نہیں دیکھی گئی۔

یاد رہے کہ کم جونگ ان شمالی کوریا کے بانی رہنما اور اپنے دادا کم ال سنگ کی 15 اپریل کو سالگرہ کی تقریب میں شریک نہیں تھے۔ اُن کی غیر موجودگی کے بعد سے ان کی صحت سے متعلق بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں خبریں گردش کر رہی ہیں۔

آخری مرتبہ کم جونگ ان 11 اپریل کو ورکرز پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دکھائی دیے تھے۔ اسی روز سرکاری ٹی وی نے ان کی ایک ویڈیو نشر کی تھی جس میں انہیں لڑاکا طیارے کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ دنیا سے الگ تھلگ تصور کیے جانے والے ملک شمالی کوریا سے خبریں رپورٹ کرنا انتہائی مشکل امر ہے جب کہ ملک کے سربراہ سے متعلق سرکاری اخبارات ہی خبر نشر کرنے کے مجاز ہیں۔

سرکاری اخبار روڈونگ سنمن نے پیر کو کم جونگ ان کا بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے ونسن میں ملک کے بڑے سیاحتی منصوبے کی تعمیر سے متعلق ورکرز کا شکریہ ادا کیا ہے۔

یہ بیان حالیہ چند روز کے دوران جاری ہونے والے ان اخباری بیانات کا حصہ ہے جو کم جونگ ان کے نام سے جاری کیا گیا ہے۔ تاہم سرکاری اخبار نے اب تک ملک کے سربراہ کی کوئی تصویر جاری نہیں کی ہے۔

امریکی تھنک ٹینک نے شمالی کوریا کی سیٹیلائٹ تصاویر جاری کی ہیں جن میں اس ٹرین کو ونسن میں دیکھا جا سکتا ہے جو کم جونگ ان کے زیرِ استعمال رہتی ہے۔

اگرچہ ونسن میں ٹرین کی موجودگی سے کم جونگ ان کی صحت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ البتہ اس سے ان خبروں کو تقویت ملتی ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ ملک کے دارالحکومت پیانگ یانگ میں موجود نہیں ہیں۔

XS
SM
MD
LG