رسائی کے لنکس

بھارت: ممبئی میں شدید بارش، مختلف واقعات میں 23 افراد ہلاک


متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

بھارت کے تجارتی مرکز ممبئی میں مون سون کی شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ حکام کے مطاق دیوار گرنے اور لینڈ سلائڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق بھارت کی نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح چیمبر علاقے کے مضافات میں ایک درخت کے گرنے سے دیوار منہدم ہو گئی جس کے نتیجے میں قریب موجود افراد اس کے نیچے دب گئے۔

'این ڈی آر ایف' نے بتایا کہ ملبے سے 17 لاشوں کو نکال لیا گیا ہے جب کہ مزید لاشوں اور زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے شمال مشرق میں وکھ رولی کے مضافات میں لینڈسلائڈںگ کے نتیجے میں پانچ گھروں کو نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے۔

وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایک ٹوئٹ میں بارشوں کے باعث ہونے والے جانی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہلِ خانہ کے لیے معاوضے کا بھی اعلان کیا۔

ممبئی میں ہفتے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے مقامی ٹرانسپورٹ سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔

بھارت کے محکمۂ موسمیات نے اتوار کو کہا ہے کہ آئندہ دو روز تک 'معتدل سے شدید بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش' کا امکان ہے۔

اے ایف پی کے مطابق بھارت میں جون سے ستمبر تک مون سون سیزن کے دوران پرانی اور خستہ حال تعمیرات کا گرنا معمول کی بات ہے۔

گزشتہ ماہ ممبئی کی کچی آبادی میں ایک عمارت گرنے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اس سے قبل ستمبر میں ممبئی کے قریب بھیونڈی میں ایک تین منزلہ عمارت کے گرنے سے 39 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG