رسائی کے لنکس

بھارت: تین منزلہ عمارت گرنے سے 10 افراد ہلاک، درجنوں ملبے تلے دب گئے


عمارت کے ملبے تلے اب بھی درجنوں افراد کی موجودگی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عمارت کے ملبے تلے اب بھی درجنوں افراد کی موجودگی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے شہر بھیونڈی میں تین منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہونے سے 10 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے ہیں۔

عمارت کے ملبے تلے اب بھی درجنوں افراد کی موجودگی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ عمارت گرنے کا واقعہ پیر کی علی الصبح پیش آیا جب تمام افراد سو رہے تھے۔

بھیوندی میونسپل کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آٹھ افراد کی لاشیں ملبے سے نکالی گئی ہیں جب کہ ایک بچے کو بھی زخمی حالت میں نکالا گیا ہے۔

حکام نے 20 سے 25 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔
حکام نے 20 سے 25 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔

نیشنل ڈیزازسٹر ریسپانس فورس کے سربراہ ستیا پردھان نے کہا ہے کہ 20 سے 25 افراد کے ملبے تلے ہونے کا خدشہ ہے۔ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت میں عمارتیں گرنے کے واقعات آئے روز پیش آتے رہتے ہیں جس کی اکثر وجہ مون سون کی بارشیں یا عمارت کا بوسیدہ ہونا بنتی ہے۔

بھیوندی میں عمارت گرنے کی اب تک کوئی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے۔

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے عمارت گرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔

وزیرِ اعظم مودی کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے اور متاثرین کو ہر ممکنہ امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG