رسائی کے لنکس

امریکی ریاست مین میں فائرنگ سے 18 افراد ہلاک، درجنوں زخمی


امریکہ کی ریاست مین میں مسلح شخص کی فائرنگ سے کم از کم 18 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کرنے والا مشتبہ شخص فرار ہو گیا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔

ریاست مین کے شہر لیوسٹن میں ایک شخص نے دو مختلف مقامات پر جدید ہتھیار سے شراب خانے اور ریستوران میں لوگوں کو نشانہ بنایا اور فرار ہو گیا۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق لیوسٹن پولیس کا بتانا ہے کہ مسلح شخص نے پہلے اسکیمگیز بار میں فائرنگ کی جس کے بعد لگ بھگ ساڑھے چھ کلو میٹر دور واقع بولنگ کلب میں لوگوں کو نشانہ بنایا۔

دونوں مقامات پر فائرنگ کے واقعات میں کم از کم18 افراد ہلاک اور درجنوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ امریکہ کے بعض مقامی ذرائع ابلاغ ہلاکتوں کی تعداد 22 بتاتے ہیں۔

پولیس نے فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کی تصویر جاری کرتے ہوئے اس کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھروں پر رہیں۔

مین ڈپارٹمنٹ آف پبلک سیفٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت دو مختلف مقامات پر سرچ آپریشن میں مصروف ہیں اس لیے شہری سڑکوں کو خالی کر دیں اور گھروں میں رہتے ہوئے دروازوں کو لاک کر لیں۔

ریاست مین کی گورنرجینٹ ملز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں واقعے سے متعلق بریفنگ دی گئی ہے اور وہ پبلک سیفٹی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گی۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کا بھی کہنا ہے کہ صدر جو بائیڈن کو فائرنگ کے واقعے سے متعلق بریف کر دیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG