رسائی کے لنکس

مسجد الحرام: کرین گرنے سے 107 ہلاک، 40 زائد پاکستانی زخمی


پاکستان کے سرکاری میڈیا نے وفاقی وزیر برائے مذہبی اُمور سردار یوسف کے حوالے سے بتایا ہے کہ زخمی ہونے والے سات پاکستانیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق مکہ میں مسجد الحرام میں تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والی کرین گرنے سے زخمی ہونے والے افراد میں 41 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔

جمعہ کو مسجد الحرام میں کرین گرنے سے 107 افراد ہلاک اور 230 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے ہفتہ کو وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ ’’(شدید زخمی) 16 پاکستانی شہری تین مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جب کہ معمولی زخمی ہونے والے 25 دیگر افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا تھا۔‘‘

اُدھر پاکستان کے سرکاری میڈیا نے وفاقی وزیر برائے مذہبی اُمور سردار یوسف کے حوالے سے بتایا ہے کہ زخمی ہونے والے سات پاکستانیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے بتایا کہ زخمی ہونے والے پاکستانی شہریوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ جدہ میں پاکستان قونصل جنرل جمعہ کی شب ہی مکہ پہنچ گئے تھے جب کہ پاکستانی سفیر ہفتے کو مکہ پہنچے۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین نے بھی اپنے الگ الگ پیغامات میں مکہ میں کرین گرنے سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ مکہ میں مسجد الحرام میں توسیع کے لیے استعمال ہونے والی ایک کرین جمعہ کو تیزی ہواؤں اور موسلادھار بارش کے بعد گر گئی تھی۔

جس وقت کرین گری اُس وقت مسلمانوں کی سب سے بڑی مسجد الحرام میں بڑی تعداد میں نمازی موجود تھے۔

ایک اہم مذہبی فریضے حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے مسلمان سعودی عرب پہنچ رہے ہیں۔ حج کی ادائیگی رواں ماہ ہونی ہے۔

ایک اندازے کے مطابق حج کی ادائیگی کے لیے اس وقت سعودی عرب میں لگ بھگ ایک لاکھ پاکستانی موجود ہیں۔

پاکستان میں وفاقی وزارت برائے مذہبی اُمور نے ایک خصوصی سیل بھی قائم کیا جہاں سے سعودی عرب میں مناسک حج کی ادائیگی کے لیے موجود پاکستانیوں کے بارے میں معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

اُدھر اطلاعات کے مطابق سعودی حکومت نے کرین گرنے کے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

دریں اثنا اسلام آباد میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن نے پاکستان میں امریکی سفارتخانے اور کمیونٹی کی جانب سے سعودی عرب میں کرین حادثے میں زخمی ہونیوالے پاکستانیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں امریکی سفیر نے کہا کہ’’ہماری تمام تر دعائیں اس واقعے میں زخمی ہونیوالے افراد اور ان کےاہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ اور ہم متاثرین کی جلد صحت یابی اور بحفاظت وطن واپسی کے لیے دعا گو ہیں۔‘‘

XS
SM
MD
LG