رسائی کے لنکس

دولت اسلامیہ کے شدت پسندوں کا خواتین سے بہیمانہ سلوک


بے گھر ہونے والی ایک یزیدی لڑکی
بے گھر ہونے والی ایک یزیدی لڑکی

کارکنوں کے مطابق شمالی شام میں دولت اسلامیہ نے اپنے زیر تسلط علاقے میں آٹھ خواتین کو زنا کے الزام میں سنگسار کیا۔

انسانی حقوق کی ایک موقر تنظیم 'ایمنسٹی انٹرنیشنل' نے کہا ہے کہ عراق کی اقلیتی یزیدی برادری کی خواتین اور بچیوں کو شدت پسند گروپ دولت اسلامیہ نے جنسی غلامی پر مجبور کردیا ہے اور اسی بنا پر کئی لڑکیوں نے یا تو خودکشی کر لی یا کرنے کی کوشش کی ہے۔

دولت اسلامیہ نے رواں سال عراق اور شام کے مختلف حصوں پر قبضہ کر کے وہاں خلافت کا اعلان کیا تھا اور اپنے زیر تسلط علاقوں میں خواتین خصوصاً اقلیتی فرقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لیے حالات سنگین بنا دیے ہیں۔

منگل کو جاری کردہ ایک رپورٹ میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بتایا کہ یہاں پر اقلیتوں کے قتل عام، ان پر تشدد اور یرغمال بنانے کے علاوہ ایسی ایذا رسانی کی گئی کہ بہت سے لوگ زندگی کو موت سے بدتر قرار دیتے ہیں۔

ایک بیان میں تنظیم کی عہدیدار ڈوناٹیلا روویرا نے کہا کہ "جنسی غلام بنائے گئے بچوں میں سے بہت سے لڑکیاں 14 اور 15 سال بلکہ اس سے بھی کم عمر کی ہیں۔"

ان کے بقول ان بچیوں کو دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے علاوہ ان کے بہت سے حامی گروہوں نے بھی یرغمال بنایا ہوا ہے۔

ایمنٹسی انٹرنیشنل نے خودکشی کرنے والی ایک 19 سالہ لڑکی کے بھائی کے حوالے سے بتایا کہ اس نے یہ اقدام جنسی زیادتی کے خوف سے کیا۔

اس لڑکی کے ساتھ قید رہنے والی ایک لڑکی جو کہ بعد میں وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئی، نے بتایا کہ " ایک روز ہمیں ایسا لباس فراہم کیا گیا جو کہ رقصاؤں کے لباس جیسا تھا، ہمیں غسل کر کے یہ کپڑے پہننے کا کہا گیا، جیلان نے غسل خانے میں ہی اپنے آپ کو مار لیا۔"

اس لڑکی نے مزید بتایا کہ جیلان نے اپنی کلائی کی نسیں کاٹ لیں اور گلے میں پھندا ڈال لیا۔ " وہ بہت خوبصورت تھی، میرا خیال ہے کہ وہ یہ جانتی تھی کہ اسے کوئی کوئی مرد لے جائے گا اسی لیے اس نے خودکشی کر لی۔"

ایسی ہی ایک اور لڑکی نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کو بتایا کہ اس نے اور اس کی بہن نے جبری شادی سے بچنے کے لیے خودکشی کی کوشش کی تھی۔

روویرا کا کہنا تھا کہ "ان خواتین پر کیا جانے والا جسمانی اور نفسیاتی تشدد ایک بڑا المیہ ہے۔ بہت سی خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان سے جانوروں جیسا سلوک کیا گیا۔"

ادھر شام میں انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں نے بھی ایسی اطلاعات فراہم کی ہیں جن میں خواتین سے دولت اسلامیہ کے شدت پسندوں کے سلوک کی سنگینی کا اندازہ ہوتا ہے۔

کارکنوں کے مطابق شمالی شام میں دولت اسلامیہ نے اپنے زیر تسلط علاقے میں آٹھ خواتین کو زنا کے الزام میں سنگسار کیا۔

XS
SM
MD
LG