رسائی کے لنکس

شہباز شریف سعودی عرب پہنچ گئے


پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف (فائل)
پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف (فائل)

پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان نے جمعرات کو وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شہاز شریف یہ دورہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر کر رہے ہیں۔

پاکستان کے صوبے پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہباز شریف ایک اہم دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان نے جمعرات کو وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شہاز شریف یہ دورہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شہاز شریف سعودی عرب میں قیام کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد اور دیگر اعلیٰ سعودی عہدیداروں سے دو طرفہ امور اور مشرق وسطیٰ کی صورت حال کے بار ے میں بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔

ملک احمد خان نے کہا کہ شہاز شریف حال ہی میں ترکی کے وزیر اعظم بن علی یلدرم کے سعودی عرب کے دورے کے بعد ریاض کا دورہ کر رہے ہیں اور اسی پس منظر میں سعودی قیادت کے ساتھ ان کی بات چیت کے ایجنڈے میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں یروشلم سے متعلق حال ہی میں منظور ہونے والی قرارداد کے بعد کی صورتِ حال بھی شامل ہو گی۔

اگرچہ شہاز شریف پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ کے طور پر سعودی عرب کے متعدد دورے کر چکے ہیں تاہم حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی طرف سے اس اعلان کے بعد کہ وہ آئندہ عام انتخابات کے بعد وزیرِ اعظم کے امیدوار ہوں گے، شہازشریف کا سعودی عرب کا یہ پہلا دورہ ہے۔

ملک احمد خان نے کہا کہ جماعت کے طرف سے شہازشریف کا وزیرِ اعظم کا امیدوار نامزد ہونے کے بعد سعودی عرب کا دورہ کرنا یقیناً اہمیت کا حامل ہے تاہم انہوں نے اس کی مزید تفصیل بیان نہیں کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق شہباز شریف کے نامزدگی کے بعد پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے دیگر کئی ملکوں کے سفیروں کے ہمراہ لاہور میں شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔

سعود ی ایران تعلقات، یمن کی صورت حال اور امریکہ کی طرف سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے بعد کی صورتِ حال کے تناظر میں شہاز شریف کے دورے کو پاکستانی میڈیا میں اہمیت دی جارہی ہے۔

اگرچہ بطور پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہاز شریف کے لیے سعودی عرب کو فی الحال کسی طرح کا تعاون فراہم کرنا شاید ممکن نہ ہو لیکن مستقبل میں اگر وہ ملک کے وزیرِ اعظم کے عہدے پر فائز ہوتے ہیں تو اس صورت میں پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعاون میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی طور پر نہایت قریبی اور دوستانہ سفارتی تعلقات رہے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان دفاع سمیت دیگر شعبوں میں قریبی تعاون رہا ہے۔

واضح رہے کہ شہاز شریف پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم اور حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کے چھوٹے بھائی ہیں اور شریف خاندان کے سعودی عرب کے شاہی خاندان سے قریبی تعلقات ہیں۔

ملک احمد خان نے کہا کہ شہباز شریف سعودی عرب میں قیام کے دوران عمرہ بھی ادا کریں گے اور اتوار کو وطن واپس پہنچیں گے۔

XS
SM
MD
LG