رسائی کے لنکس

آفریدی عبوری سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین مقرر، رزاق اور افتخار انجم بھی شامل


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان شاہد آفریدی کو عبوری سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔ سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق اور فاسٹ بالر افتخار انجم کو بھی کمیٹی میں شامل کر لیا گیا ہے۔

ہفتے کو پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عبوری سلیکشن کمیٹی کی منظوری مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے دی ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید کو عبوری سلیکشن کمیٹی کا کنونیر مقرر کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پی سی بی نے جمعے کو سابق چیف سلیکٹر محمد وسیم اور سلیکشن کمیٹی کو فارغ کر دیا تھا۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف وزیرِ اعظم شہباز شریف نے رمیز راجہ کی جگہ نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی بنانے کی سفارش کی تھی۔

نجم سیٹھی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ شاہد آفریدی کو بطور چیئرمین سلیکشن کمیٹی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ وہ دلیرانہ فیصلے کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف مضبوط ٹیم تشکیل دیں گے۔

نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ شاہد آفریدی جارحانہ اور بے خوف کرکٹ کھیلنے پر یقین رکھتے ہیں اور اُن کے پاس 20 برس کا تجربہ ہے۔ لہذٰا وہ کرکٹ ٹیم کو جدید کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کا عہدہ ملنے پر اپنے بیان میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ یہ عہدہ دینے پر پی سی بی کے شکر گزار ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان ٹیم کو جیت کی ڈگر پر ڈالنا ہے اور ہمارے ذہن میں کوئی شبہہ نہیں ہے کہ سلیکشن کے لیے میرٹ پر اوراسٹرٹیجک فیصلے کر کے نیوزی لینڈ کے خلاف مضبوط اسکواڈ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔

سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ وہ بہت جلد سلیکشن کمیٹی کا اجلاس طلب کر کے آئندہ آنے والی سیریز سے متعلق اپنے منصوبے سامنے لائیں گے۔

شاہد آفریدی پاکستان کی جانب سے 398 ایک روزہ میچز، 27 ٹیسٹ اور 99 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔ وہ 1996 سے 2018 تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتے رہے۔

شاہد آفریدی 2009 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ ایونٹ میں اُن کی شان دار آل راؤنڈ کارکردگی کی وجہ سے پاکستان ٹیم ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG