رسائی کے لنکس

شاہ رخ فیملی میں تیسرے بچے کی نوید


ہونے والے بچے کی ماں گوری نہیں بلکہ کوئی اور ہو گی۔ شاہ رخ اور گوری نے سروگیسی کے ذریعے تیسرے بچے کی پیدائش کا فیصلہ کیا تھا

بالی ووڈ میں یہ خبر انتہائی گرم ہے کہ شاہ رخ خان تیسری مرتبہ باپ بننے والے ہیں۔

شاہ رخ کے بعض پرستاروں نے تو اس خبر پر خوشگوار حیرت کا بھی اظہار کیا ہے کیوں کہ شاہ رخ کے پہلے دونوں بچے دس سال سے زیادہ عمر کے ہیں۔ جب سے ان بچوں نے اپنے گھر نئے فرد کی آمد کا سنا ہے وہ بھی پھولے نہیں سما رہے۔
لیکن، اس بار ہونے والے بچے کی ماں گوری خان نہیں بلکہ کوئی اور ہوں گی۔ شاہ رخ خان اور گوری خان نے باہمی رضا مندی کے بعد سروگیسی کے ذریعے تیسرے بچے کی پیدائش کا فیصلہ کیا تھا۔ جدید سائنسی اصطلاح ’سروگیسی‘ میں باپ تو وہی ہوتا ہے لیکن ماں دوسری ہوتی ہے۔
بھارتی اخبار’ ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق خان فیملی نے اس خبر کو اب تک خفیہ رکھا تھا اور بہت رازداری سے سب کچھ ہوا، یہاں تک کہ سروگیسی مدر کون ہے، اس کے بارے میں بھی ابھی کچھ علم نہیں ہو سکا ہے۔
کنگ خان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ گوری کا تھا جسے شاہ رخ کی حمایت حاصل رہی۔ دونوں نے اسی ڈاکٹر سے مشورہ کیا جس کے ذریعے عامرخان اور کرن ’سیروگیسی‘ کے ذریعے بیٹے آزاد کے والدین بنے تھے۔
شاہ رخ خان اور گوری خان پہلے سے ایک بیٹے 15سالہ آریان اور 13سالہ سہانا کے ماں باپ ہیں، جو اپنے گھر ننھے مہمان کی آمد کا سن کر خوشی سے پھولے نہیں سما رہے۔
میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ شاہ رخ ایک اور بیٹے کے باپ بننے والے ہیں اور اس خبر نے ان کے دونوں بچوں کی ’ایکسائٹمنٹ‘ میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
ممبئی کے پوش علاقے میں واقع شاہ رخ کے گھر’منت‘ میں نئے فیملی ممبر کے شاندار استقبال کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں اور اب سبھی کو انتظار ہے اس دن کا جب شاہ رخ اور گوری خوشیوں کے اس ننھے منے بنڈل کو گھر لے کر آئیں گے۔

XS
SM
MD
LG