رسائی کے لنکس

'دی شیپ آف واٹر' بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب


فلم 'دی شیب آف واٹر' کی ٹیم اپنے ایوارڈز کے ہمراہ اسٹیج پر موجود ہے۔
فلم 'دی شیب آف واٹر' کی ٹیم اپنے ایوارڈز کے ہمراہ اسٹیج پر موجود ہے۔

بہترین فلم کے ساتھ ساتھ بہترین ہدایت کار اور اوریجنل اسکور سمیت چار ایوارڈز 'دی شیپ آف واٹر' کے حصے میں آئے۔

امریکہ کے شہر لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں سجی آسکر ایوارڈز 2018ء کی شاندار شام میں ’اس سال آسکر کون جیتے گا؟‘ کا سسپنس ختم ہوا۔ کئی لوگ آسکر ایوارڈ پانے کی خوشی سے سرشار ہوئے جب کہ کچھ کو ٹوٹے دل کے ساتھ خالی ہاتھ گھر لوٹنا پڑا۔

اتوار کی شب ہونے والی آسکر ایوارڈز کی یہ تقریب اس لیے بھی خاص رہی کیوں کہ رواں سال آسکر ایوارڈز نے 90 سال مکمل کرلیے۔

حسب روایت آسکر ایوارڈز میں ہالی وڈ، فیشن اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے چوٹی کے ستارے اپنی پوری چمک دمک اور آب و تاب سے شریک ہوئے اور محفل کو چار چاند لگا دیے۔

توقعات کے عین مطابق 2018ء کی بہترین فلم کا ایوارڈ 'دی شیپ آف واٹر' نے حاصل کیا۔

بہترین فلم کے ساتھ ساتھ بہترین ہدایت کار اور اوریجنل اسکور سمیت چار ایوارڈز 'دی شیپ آف واٹر' کے حصے میں آئے۔

بہترین اداکار فلم 'ڈارکسٹ آوور' کے لیے گیری اولڈمین قرار پائے جب کہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ فلم 'تھری بل بورڈز آئوٹ سائیڈ ایبنگ میزوری' کی فرینسس مک ڈورمنڈ کو ملا۔

بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈفلم 'آئی ٹونیا' کی اداکارہ ایلیسن جینی اور بہترین معاون اداکار کا آسکر 'تھری بل بورڈز آؤٹ سائیڈ ایبنگ میزوری' کے اداکار سیم راک ویل نے جیتا۔

بیسٹ اینیمیٹڈ فلم اور بیسٹ سونگ کے ایوارڈز فلم 'کوکو' نے حاصل کیے۔

بہترین سنیماٹو گرافی اور بیسٹ ویژول افیکٹس کے ایوارڈز فلم 'بلیڈ رنر 2049ء' نےاپنے نام کیے۔

بہترین سینماٹو گرافی پر انعام پانے والے راجر ڈیک انز مسلسل 14 بار آسکر نامزدگیاں حاصل کرنے کے بعد آخرِ کار اپنا پہلا آسکر جیتنے میں کامیاب ہو ہی گئے۔

فلم ایڈیٹنگ، سائونڈ مکسکنگ، سائونڈ ایڈiٹنگ اور میک اپ سمیت چار آسکر ایوارڈز ’ڈنکرک‘ لے اڑی۔

بہترین غیر ملکی زبان کی فلم چلی کی ’اے فینٹاسٹک وومن‘ قرار پائی۔ بہترین اوریجنل سونگ کا آسکر ایوارڈ فلم 'کوکو' کے گانے 'ری میمبر می' کو دیا گیا۔

اوریجنل اسکرین پلے کا آسکر فلم ’گیٹ آؤٹ‘ اور ماخوذ اسکرین پلے کا 'کال می بائی یور نیم‘ کو دیا گیا۔

ایڈاپٹڈ اسکرین پلے کا آسکر جیتنے والے 89 سال کے جیمز آئیوری آسکر جیتنے والے سب سے معمر شخص ہیں۔ جب کہ بہترین اوریجنل اسکرین پلے کا ایوارڈ پانے والے پہلے سیاہ فام اسکرین پلے رائٹر کا اعزاز جان پیلیے کے حصے میں آیا۔

بیسٹ کوسٹیوم ڈیزائن ایوارڈ فلم 'فینٹم تھریڈ' نے جیتا۔

آسکرایوارڈز کی تقریب کی شروعات میں گزشتہ سال دنیا سے رخصت ہونے والے فن کاروں کی یاد میں جو مونٹاج چلایا گیا اس میں بالی وڈ کے اداکار ششی کپور اور سری دیوی کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

گولڈن گلوب اور دیگر ایوارڈ تقریبات کے برعکس اکیڈمی ایوارڈز میں سیاہ لباس کے بجائے رنگوں کی بہار نظر آئی۔ ریڈ کارپیٹ پر اسٹارز کی تواضع آسکر ایوارڈز کی شکل کی چاکلیٹ سے کی گئی۔

XS
SM
MD
LG