رسائی کے لنکس

شارجہ ٹیسٹ: پاکستان کو ایک اننگز اور 80 رنز سے شکست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اس میچ میں نیوزی لینڈ کی طرف سے میکولم نے ماسٹر بلاسٹر کا ایوارڈ جیتا اور بہترین کلرفل اننگز کا ایوارڈ پاکستان کے بلے باز اسد شفیق کے حصے میں آیا جب کہ محمد طلحہ کو سب سے تیز باؤلر کا ایوارڈ دیا گیا۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تین میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 80 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔

اتوار کو شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ کے چوتھے روز پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 339 رنز درکار تھے۔

لیکن میچ شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد 36 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی چار وکٹیں گر چکی تھیں۔ اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔ انھوں نے مشکل حالات میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 137 رنز بنائے۔

یونس خان جو کافی فارم میں دکھائی دے رے تھے بغیر کوئی رن بنائے بولٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ مشکلات سے دوچار پاکستانی ٹیم زیادہ دیر کیوی باؤلروں کا مقابلہ نہ کر سکی اور 259 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ نے چار، کریگ نے تین، سوڈھی نے دو اور ویٹوری نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 690 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

میکولم 11 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے شاندار ڈبل سینچری مکمل کرنے کے بعد 202 رنز بنا کر کلین بولڈ ہو گئے تھے جب کہ ولیم سن محض آٹھ رنز کے فرق سے اپنی ڈبل سینچری بنانے میں ناکام رہے تھے اور وہ 192رنز پر کیچ آؤٹ ہو ئے۔

پاکستان کی اننگز کی خاص بات محمد حفیظ کی بیٹنگ تھی جو محض تین رنز کے فرق سے اپنی ڈبل سینچری مکمل نہیں کر پائے تھے اور 197 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے۔

اس میچ میں نیوزی لینڈ کی طرف سے میکولم نے ماسٹر بلاسٹر کا ایوارڈ جیتا اور بہترین کلرفل اننگز کا ایوارڈ پاکستان کے بلے باز اسد شفیق کے حصے میں آیا۔ انھوں نے پہلی اننگز میں 137 رنز اسکور کیے تھے جب کہ محمد طلحہ کو سب سے تیز باؤلر کا ایوارڈ دیا گیا۔

پاکستان کے بلے باز محمد حفیظ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جب کہ نیوزی لینڈ کے مارک کریگ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

پہلے میچ میں پاکستان 248 رنز سے فتح یاب ہوا تھا جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا تھا۔

دریں اثناء پاکستان نے اپنی ایک روزہ بین الاقوامی میچوں اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ مصباح الحق ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ دبئی میں چار دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG