رسائی کے لنکس

شہروز کی دوسری شادی: افواہیں حقیقت میں تبدیل


ماڈل صدف کنول نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنا نام تبدیل کرتے ہوئے صدف شہروز کردیا ہے اور اپنی شادی کی تصاویر بھی پوسٹ کی ہیں۔ ​
ماڈل صدف کنول نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنا نام تبدیل کرتے ہوئے صدف شہروز کردیا ہے اور اپنی شادی کی تصاویر بھی پوسٹ کی ہیں۔ ​

پاکستانی اداکار شہروز سبزواری نے ماڈل صدف کنول کے ساتھ دوسری شادی کر لی ہے۔ اسی کے ساتھ شہروز کی سابق اہلیہ سائرہ یوسف کا نام پاکستان میں ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔

اتوار کی شام تک شہزوز اور صدف کی شادی کی خبریں مین اسٹریم میڈیا سے زیادہ سوشل میڈیا پر چھائی رہیں۔

شادی کی ایک سادھا سی تقریب کراچی میں انجام پائی جس میں دونوں کے قریبی رشتے داروں نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ شہروز سبزواری نامور اداکار بہروز سبزواری کے صاحبزادے ہیں۔ شہروز کی یہ دوسری شادی ہے۔ ان کی پہلی شادی 2012 میں اداکارہ اور ماڈل سائرہ یوسف سے ہوئی تھی۔ تاہم دونوں میں اختلافات کے باعث کچھ مہینوں پہلے ہی دونوں کی راہیں جدا ہو گئی تھیں۔

بہروز سبزواری اپنے بیٹے اور بہو سائرہ یوسف کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی خبروں کی تردید کرتے رہے تھے۔ تاہم خود سائرہ یوسف نے ایک 'انسٹاگرام' پوسٹ کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ اپنی شادی سے ناخوش ہیں اور انہوں نے شوہر سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔

اتوار کو ماڈل صدف کنول نے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر اپنا نام تبدیل کرتے ہوئے صدف شہروز کر دیا تھا اور اپنی شادی کی تصاویر بھی پوسٹ کیں۔ ​

شہروز کی دوسری شادی پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اپنے اپنے انداز سے ردِ عمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔

بیشتر صارفین نے سائرہ یوسف سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ جب کہ شہروز سخت تنقید کی زد میں ہیں اور صدف کنول کو آڑے ہاتھوں لیا جا رہا ہے۔

ایک خاتون صارف نمرا خان نے تو اپنی ٹوئٹ کے ذریعے عورت کو ہی عورت کا دشمن قرار دیا ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ ایک مرتبہ پھر ایک عورت نے ایک عورت کا گھر تباہ کر دیا۔ 2020 ہمیں یہ سبق دے رہا کہ عورت ہی عورت کی سب سے بڑی دشمن ہے اور ایک مرد کے دل میں ہمیشہ دوسری عورت کے لیے جگہ ہوتی ہے۔

معروف ٹی وی میزبان وقار زکا نے شہروز سبزواری اور صدف کنول کی شادی کے بارے میں ٹوئٹ کیا کہ لوگ ان کی شادی کے بارے میں پریشان ہونا بند کردیں۔ ان کے بلز وہ ادا نہیں کرتے۔

ایک اور ٹوئٹر صارف امل خان نے ٹوئٹ کیا ہے کہ جو بندہ سات سالہ روابط کے باوجود بے ایمانی کرتا ہے، آگے بھی ایسا ہی کر سکتا ہے۔ صدف کنول کو شرم کرنی چاہیے۔

ایک خاتون طالیہ مراد نے طنزیہ انداز میں کہا کہ شہروز کو شرم کرنے کی بجائے تیسری شادی کر لینی چاہیے۔

ایک صاحب شیری نے صدف کنول کے حق میں کہا ہے کہ اس میں صدف کو قصور وار ٹھہرانے کی بجائے شہروز کو اس کا ذمے دار ٹھرایا جانا چایے۔ کیوں کہ جب تک ایک مرد نہ چاہے کوئی عورت، کسی دوسری عورت کا گھر برباد نہیں کر سکتی۔

ایک اور صارف منیب نے ٹوئٹ کیا کہ انہیں نہیں معلوم تھا کہ دوسری شادی آپ کو دو ٹکے کا مرد بنا دیتی ہے۔

تورو نامی صارف کاکہنا تھا کہ دوسری یا تیسری شادی کرنے میں کوئی ہرج نہیں اور یہ مسئلہ نہیں ہونا چاہیے کہ کوئی شخص خوب صورت ہے یا نہیں۔

بالاج خان کا اس شادی پر رد عمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ انہوں نے نہیں دیکھا کہ کوئی آئی فون چھوڑ کر نوکیا 3310 پر منتقل ہوا ہو۔

چند دن پہلے اداکارہ عظمی خان کی وائرل ہونے والی ویڈیو کا اس شادی سے تقابلی جائزہ کرتے ہوئے ٹوئٹر صارف عظمی کا کہنا تھا کہ صدف کنول ایک اور عظمی خان ہیں اور شہروز سبزواری عثمان ملک۔ جو کہ پکڑے نہیں گئے اور جنہوں نے اپنے رشتے کو قانونی بنا لیا ہے۔

اس کے علاوہ کچھ اور صارفین نے بھی اس شادی پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔ جن میں اس طرح کے تبصرے بھی شامل ہیں۔

---

XS
SM
MD
LG