رسائی کے لنکس

شلپا شیٹھی کی 12 سال بعد فلموں میں واپسی


اداکارہ شلپا شیٹھی۔ (فائل فوٹو)
اداکارہ شلپا شیٹھی۔ (فائل فوٹو)

بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی 12 سال بعد ایک مرتبہ پھر فلمی اسکرین کی زینت بننے جارہی ہیں۔

شلپا شیٹھی کو فلم ساز عزیز مرزا کے بیٹے ہارون نے اپنی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم میں کام کرنے کی پیش کش کی تھی جو انہوں نے بخوشی قبول کرلی ہے۔ اس فلم کو رمیش تورانی پروڈیوس کررہے ہیں۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں دلجیت سوسانج اور یامی گوتم شامل ہیں جنہیں پہلے ہی سائن کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میگزین 'فلم فیئر' کے مطابق ان دنوں فلم فلور پر ہے۔ یہ مزاحیہ فلم ہوگی جس کا ٹائٹل طے ہونا ابھی باقی ہے۔

فلم میں شلپا ایک لکھاری کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم نگری میں واپسی پر شلپا خاصی پُر جوش ہیں۔

پروڈیوسر رمیشن تورانی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ’’فلم کا اسکرپٹ 'ہیرا پھیری' اور 'بھول بھلیاں' جیسی فلموں کے رائٹرر نیرج ووہرا کی 2017 میں موت سے پہلے لکھے گئے اسکرپٹس میں سے ایک ہے۔‘‘

شلپا شیٹھی کی 2007 میں ریلیز ہونے والی آخری فلم 'اپنے' تھی جس میں دھرمیندر اور ان کے دونوں بیٹوں سنی دیول اور بابی دیول نے کام کیا تھا۔

اگرچہ شلپا فلموں سے دور چلی گئی تھیں لیکن انہوں نے اپنے مداحوں سے رشتہ ہمیشہ برقرار رکھا۔ وہ اس عرصے میں ایک ڈانس شو میں جج کی حیثیت سے فرائض سر انجام دیتی رہیں۔

شلپا سوشل میڈیا پر بھی خاصی متحرک ہیں۔ اس کے ذریعے وہ مسلسل اپنے مداحوں سے رابطے میں رہتی ہیں۔ لہٰذا توقع یہی ہے کہ ان کی واپسی کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG