رسائی کے لنکس

شیریں مزاری کو’ ’کوکو کورینا‘‘ کا ری میک پسند نہیں آیا


مومنہ مستحسن
مومنہ مستحسن

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کو کوک اسٹوڈیو کے لئے مومنہ مستحسن اور احد رضا میر کی آواز میں گایا ہوا ’کو کو کورینا۔۔‘ کا’ ری میک‘ورژن پسند نہیں آیا۔

شیریں مزاری نے ٹوئیٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے :

’خوفناک! ایک عظیم کلاسک کو تباہ کر دیا گیا- کوک اسٹودیو نے اس کلاسک گانے کے اس طرح سے قتل عام کی اجازت آخر کیوں دی؟‘

تاہم مومنہ مستحسن نے جوابی ٹویٹ میں قدرے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شیریں مزاری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب آپ ایک عوامی منصب پر فائز ہوں تو یہ محض سیاسی یا ذاتی بات نہیں رہتی بلکہ یہ مجموعی طور پر تمام ملک کیلئے ہوتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ شیریں مزاری اب ملک کے تمام لوگوں کی نمائیندگی کر رہی ہیں نا کہ صرف اپنی یا پھر پاکستان تحریک انصاف کی۔ یہ وقت ہے کہ ہم سوشل میڈیا پر اس قسم کی دھونس یا نفرت انگیز بات کے خلاف آواز اُٹھائیں۔ مومنہ نے اپنی ٹویت میں شیریں مزاری کو مشورہ دیا کہ وہ ایسا کرنے سے باز رہیں۔

مومنہ کی اس ٹویٹ کے بعد ٹویٹر پر ایک طویل بحث کا آغاز ہو گیا ہے اور اس کے حق میں اور مخالفت میں ٹویٹس کا سلسلہ جاری ہے۔

ان دنوں کوک اسٹوڈیو کا ’ سیزن 11 ‘ مختلف ٹی وی چینلز پر پیش کیا جارہا ہے ۔ اس سیزن میں احد رضامیر نے کو کو کورینا ۔۔‘ کے ساتھ ڈیبیو کیا ہے ۔

’کوکو کورینا‘ گزشتہ جمعہ کو ریلیز کیا گیا تھا لیکن گانا شہرت نہ پاسکا اور سوشل میڈیا پر اسے تنقید کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔ گانے کے ساتھ ساتھ احد رضامیر، مومنہ مستحسن، سیزن گیارہ کے پروڈیوسر زوہیب قاضی اور علی حمزہ کو ناظرین کی طرف سے ’کھری کھوٹی‘ سنائی جارہی ہے ۔

مومنہ مستحسن کوک اسٹوڈیو کے لئے اس سے قبل کئی شہرت یافتہ گانے گاچکی ہیں جن میں سے ایک ’آفریں، آفریں۔۔‘ ، نے ریکارڈ قائم کیا لیکن کئی اچھے گانے اپنے کریڈیٹ پر رکھنے والی مومنہ کے بارے میں سوشل میڈیا یوزرز کی طرف سے کہا جارہا ہے کہ بہتر تھا وہ ’کوکو کورینا۔۔‘ گانے پر زیادہ اور اپنے اسٹائل پر کم توجہ دیتیں۔ ’

اس تنقید کی شاید ایک بڑی وجہ یہ بھی ہوئی کہ یہ گانا پاکستان فلم انڈسٹری کے عروج کا بے مثال کارنامہ خیال کیا جاتا ہے جسے وحیدمراد جیسے شہرت یافتہ ایکٹر پر پکچرائز کیا گیا تھا جبکہ لیجنڈری سنگر تھے احمد رشدی۔

بیشتر ٹوئیٹر صارفین کا کہنا ہے کہ ماضی کے شہرت یافتہ گانوں کا اس وقت تک ری میک ورژن تیار نہ کیا جائے جب تک اصل سے بہتر کوئی چیز نہ ہو۔ ‘

اس تنقید سے ہٹ کر صرف ری میک ورژن کی بات کی جائے تو نصرت فتح علی کے کئی گانوں کو ری میک کیا گیا جبکہ عاطف اسلم نے پچھلے سیزینز کے دوران صابری برادرز کی ایک شہرت یافتہ قوالی کوک اسٹوڈیو میں پیش کرکے خوب شہرت سمیٹی۔

XS
SM
MD
LG